امریکہ کے چار ہوائی اڈوں کی انتظامیہ نے آزمائشی بنیادوں پر ایک نئے منصوبے پہ عمل درآمد کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد مخصوص مسافروں کو سیکیورٹی چیک پوائنٹس سے جلد گزرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
'پری چیک' نامی اس پروگرام کو ابتدائی طور پر اٹلانٹا، میامی، ڈیلاس اور ڈیٹرائٹ کے ہوائی اڈوں پر نافذ کیا گیا ہے۔ نظام کے تحت چیکنگ سے قبل اپنی زیادہ سے زیادہ ذاتی معلومات 'ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن (ٹی ایس اے)' کے علم میں لانے والے مسافروں کو تلاشی کے عمل سے جلد اور بآسانی گزارا جائے گا۔
'ٹی ایس اے' کے مطابق نئے نظام کے آزمائشی نفاذ میں 'ڈیلٹا ایئر لائنز' اور 'امریکن ایئر لائنز' کا کثرت سے استعمال کرنے والے بعض مسافروں اور امریکہ کے 'کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن' کے 'بااعتماد مسافر' پروگرام سے استفادہ کرنے والے افراد سے مدد لی جارہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ نظام کی شرائط پر پورا اترنے والے مسافروں کو ہوائی اڈوں پر زیادہ تیزی سے تلاشی کے عمل سے گزارا جائے گا تاہم اس نظام کے باعث اچانک اور پیشگی اطلاع کے بغیر اٹھائے جانے والے سیکیورٹی اقدامات پہ کوئی اثر نہیں پڑے گا اور وہ بدستور کے ہوائے اڈوں پر نافذ رہیں گے۔
'ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن' کے مطابق اتھارٹی اس کے علاوہ بھی کئی نئے نظاموں کی آزمائش کر رہی ہے جن میں پائلٹوں کی شناخت کا نیا نظام اور برتائو بھانپنے کے وسیع تر طریقوں کا استعمال شامل ہے۔