برطانوی پولیس نےمرکزی شہر برمنگھم میں سات مشتبہ افراد کوگرفتار کیا ہے، جسےعہدیدار اسلامی شدت پسندوں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی ایک بڑی کارروائی قرار دے رہے ہیں۔
پیرکے روز جاری ہونے والےایک بیان میں پولیس کا کہنا تھا کہ چھہ مردوں اور ایک عورت کو حراست میں لیا گیا ہے۔ مردوں کو دہشت گردی کی ایک کارروائی کی تیاری کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ عورت کو دہشت گردی کے اِس اقدام کے متعلق معلومات مخفی رکھنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے تمام افراد برطانوی شہری ہیں اور اُن کی عمریں بائیس سے بتیس سال کے درمیان ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ منصوبہ ابھی ابتدائی مراحل میں تھا اِس لئے اُنہیں ابھی یہ علم نہیں ہے کہ اِس کا نشانہ کیا تھا اور اور وہ کس قسم کی دہشت گردی کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ اِن مشتبہ افراد کو تحویل میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے اور پولیس برمنگھم کے علاقے کی تلاشی لے رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس چھاپے کا تعلق کسی بھی طرح سے برمنگھم میں ہونے والی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی سالانہ کانفرنس سے نہیں ہے۔