برطانوی مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم 'اسلامک سوسائٹی آف بریٹن' کےزیر اہتمام برطانیہ بھر میں پیر سے اسلامی بیداری کے ہفتے کا انعقاد کیا گیا ہے۔
رواں برس اسلام سے بیداری کے عنوان سے ہفتےکا مقصد مسلمانوں میں سماجی ہم آہنگی کا فروغ اور انسانی جانیں بچانے کے قومی فریضہ کے طور پر عطیہ دینے والا بننے کے لیے حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اسلامی بیداری کے ہفتہ وار پروگراموں کا موضوع 'گیو اے لٹل آف یورسیلف'، یعنی اپنا ذاتی عطیہ دینا ہے۔
برطانیہ بھر میں قابل ذکر 'نیشنل اسلام اویرنیس ویک 2015' کی سرگرمیاں مارچ 16 سے 22 مارچ تک جاری رہیں گی۔
اس سلسلے میں، مساجد اور کمیونٹی سینٹرز میں مفکرین، دانشور اور علماء کی جانب سے خون کا عطیہ دینے، اعضاء عطیہ کرنے اور بون میرو کا عطیہ دینے کے لیے مسلمانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
علاوہ ازیں، برطانیہ کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں موضوع کے حوالے سے سیمینار کانفرنسیں اور خصوصی شامیں منعقد کی جائیں گی۔
حفصہ ہارون اقبال ’اسلامک سوسائٹی‘ کی قومی سربراہ ہیں۔ انھوں نے وائس آف امریکہ سےخصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ تنظیم کی جانب سے ہر سال اسلامی بیداری کے ہفتے میں کمیونٹی کے عام مسائل پر روشنی ڈالی جاتی ہے، جبکہ یہ خصوصی ہفتہ گلاسگو سے لندن اور ملک کے طول و ارض میں منایا جاتا ہے۔
حفصہ نے کہا کہ 'پچھلےسال کےایک مطالعہ سے ظاہر ہوا تھا کہ مسلم کمیونٹی صدقہ خیرات کرنے میں برطانیہ کے سب سے بڑے عطیہ دہندہ برادری ہے۔ لہذا، اسی تناظر میں، رواں برس ہم نے لوگوں سے سوال کیا ہے کہ کیا وہ دوسروں کی مدد کرنے میں وقت اور پیسے سے زیادہ بھی کچھ عطیہ کر سکتے ہیں۔
بقول اُن کے، 'مسلمان برطانوی معاشرے میں مختلف طریقوں سےاپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ اپنے پیسے، وقت اور مدد کےذریعے بہت سے بین الاقوامی مسائل کے حل کے لیےکام کر رہے ہیں۔ اور، میں سمجھتی ہوں کہ اسلام جو مسلمانوں کے روزمرہ معاملات کا حصہ ہے اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم برطانوی معاشرے کی اقدار کو بھی تقویت دے رہے ہیں۔'
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ بالا مقاصد کو حاصل کرنے کے لیےتنظیم کے نیٹ ورک، مساجد اور اسلامی کونسلوں کی توسط سے مسلمان کمیونٹی کےساتھ رابطہ کیا جائے گا۔ انھیں اس مقصد کےحصول کی کوششوں میں شامل ہونےکی دعوت دی جائے گی اور اس کار خیر کا حصہ بننے کے لیے خون کے عطیات دینے، اعضاء کے عطیہ کا کارڈ رکھنے اور بون میرو کے عطیہ کے لیےنام رجسٹر کروانے پر زور دیا جائے گا۔
حفصہ ہارون اقبال کہتی ہیں کہ اپنی ذات میں سے دوسروں کے لیے عطیہ دینا بہتر تحفہ ہے، جو ضرورت مند مریضوں کے لیے زندگی جیسا انمول تحفہ ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی بیداری کی ہفتہ وار تقریبات کےسلسلے20 مارچ کو مساجد میں امام جمعہ کی نماز کے اجتماعات میں اس موضوع پر واعظ کا اہتمام کریں گے۔
اسلامک سوسائٹی بریٹن 22 برس قبل برطانیہ میں اسلام سے متعلق بیداری بڑھانے کے مقصد کےلیے قائم کی گئی تھی۔
اسلامی تنظیم کی جانب سےغیر مسلموں میں اسلام کی تفہیم کو عام کرنے اور برطانیہ کےدوسرے بڑے مذہب اسلام کے حوالے سے پائے جانے والے غلط تصورات کو دور کرنےپر بھی توجہ دی جاتی ہے۔