بحرین: پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں

مناما

حکومت مخالفین نے ریس کے آغاز سےقبل کے دنوں میں احتجاجی مظاہروں کی کال دے رکھی ہے اور جمعے کو حالات اُس وقت کشیدہ ہوگئے جب مظاہرین نے ایک منتخب حکومت کےقیام اور مساوی حقوق کا مطالبہ کیا

بحرین میں اتوارکے روز سےشروع ہونے والے ’فارمولا ون گرینڈ پری‘ موٹرریس سے قبل تناؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، جب کہ سکیورٹی فورسز کو دارالحکومت مناما میں احتجاجی مظاہروں کا سامنا ہے۔

شہر کے مضافات میں ہونے والے احتجاج کے دوران مظاہرین نے پولیس پر دیسی ساخت کے ’مولوٹوو کاک ٹیلز‘ پھینکے، جب کہ جواب میں پولیس نے آنسو گیس کے گولے چلائے۔

حکومت مخالفین نے ریس کے آغاز سےقبل کے دنوں میں احتجاجی مظاہروں کی کال دے رکھی ہے اور جمعے کو حالات اُس وقت کشیدہ ہوگئے جب مظاہرین نے ایک منتخب حکومت کےقیام اور مساوی حقوق کے حصول کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نےسکیورٹی فورسزپر ایک شخص کو ہلاک کرنے کا الزام لگایا ہے، جِس کی لاش ہفتے کو مناما کے نواح میں واقع ایک گاؤں سے برآمد ہوئی، جہاں تشدد کے واقعات ہو چکے ہیں۔

بحرین کی وزارتِ داخلہ نے ہفتے کو اعلان کیا کہ الوفاق نامی اپوزیشن گروپ سےتعلق رکھنے والا یہ شخص، جِن کا نام صلاح عباس حبیب بتایا جاتا ہے، اُن کی موت کے بارے میں تفتیش جارہی ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اِس شخص کو بظاہر مشتبہ حالات میں ہلاک کیا گیا۔