بنگلہ دیش نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انگلینڈ کو پہلی مرتبہ شکست دے دی ہے۔
چٹاگانگ میں کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
انگلینڈ کے اوپنر فل سالٹ اور جوس بٹلر نے ٹیم کو 80 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ سالٹ 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ مہمان ٹیم کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیوڈ ملان تھے جنہوں نے چار رنز اسکور کیے۔
بٹلر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ وہ 42 گیندوں پر 67 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
انگلش ٹیم نے 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود ے دو وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم احمد، تاسکین احمد، مستفیض الرحمان اور شکیب الحسن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
157 رنز کے ہدف کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا اور 43 کے مجموعی اسکور پر اس کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔
ان کے بعد آنے والے کھلاڑیوں نجم الحسین شانتو اور توحید ہاریدوئے نے اسکور کو آگے بڑھایا اور 65 رنز کی شراکت قائم کی۔ توحید ہارودوئے 17 گیندوں پر 24 رنز بنا کر اؤٹ ہوئے۔
دوسری جانب نجم الحسین شانتو کی جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ انہوں نے 30 گیندوں پر 51 رنز اسکور کیے اور بنگلہ دیش کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
بنگلہ دیش کی ٹیم نے 18 اووز میں چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرکے تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
شاندار نصف سینچری پر نجم الحسین شانتو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔