کویت نے جمعرات کو ہالی وڈ فلم 'باربی' کی نمائش پر پابندی عائد کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پابندی 'عوامی اخلاقیات اور سماجی روایات' کے تحفظ کے لیے عائد کی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق کویت کی جانب سے یہ اقدام لبنان کے فلم 'باربی' کی نمائش روکنے کے مطالبے کے بعد سامنے آیا ہے۔
قبل ازیں لبنان کے وزیرِِ ثقافت محمد مرتضیٰ نے بدھ کو 'باربی' کی نمائش پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلم ہم جنس پرستی کو فروغ دیتی ہے اور یہ ہمارے مذہبی اقدار سے متصادم ہے۔
وزیرِ ثقافت محمد مرتضیٰ کے مطالبے کے بعد وزیرِ داخلہ نے جنرل سیکیورٹی سینسر شپ کمیٹی کو فلم 'باربی' کا ریویو کر کر کے سفارشات پیش کرنے کا کہا تھا۔
لبنان وہ پہلا عرب ملک تھا جس نے 2017 میں ہم جنس پرستوں کے لیے پرائیڈ ویک کا انعقاد کیا تھا ۔
مشرقِ وسطیٰ میں لبنان کو ہم جنس پرستوں کے لیے ایک محفوظ جگہ تصور کیا جاتا ہے۔
کویت نے باربی کے علاوہ ہارر فلم 'ٹاک ٹو می' پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ اس پر بھی ہم جنس پرستی کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
SEE ALSO: فلم باربی: گریٹا گیروگ 'ون بلین کلب' میں شامل ہونے والی پہلی خاتون ہدایت کاریاد رہے کہ فلم 'باربی' ان دنوں باکس آفس پر چھائی ہوئی ہے جس نے دنیا بھر سے ایک ارب ڈالرز سے زائد کا بزنس کر لیا ہے۔
'باربی' کی ہدایات گریٹا گرویگ نے دی ہیں جب کہ اس میں اداکارہ مارگو روبی نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
فلم کی کہانی بھی مشہور زمانہ گڑیا 'باربی' کے گردہی گھومتی ہے۔
اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔