ودیا بالن پھر مونجولیکا بن گئیں؛ ’بھول بھلیاں تھری‘ کی ریلیز کا اعلان

  • بھول بھلیاں تھری کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں اداکارہ ودیا بالن کی واپسی ہوئی ہے جنہوں نے پہلے پارٹ میں مونجولیکا کا کردار ادا کیا تھا۔
  • اداکار کارتک آریان نے بدھ کو بھول بھلیاں تھری کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فلم یکم نومبر کو دیوالی کے تہوار پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
  • فلم کے تیسرے حصے کی ہدایات انیس بزمی نے دی ہیں جب کہ اسے پروڈکشن کمپنی 'ٹی سیریز' کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

ویب ڈیسک — معروف بالی وڈ فرنچائز 'بھول بھلیاں' کی نئی فلم دیوالی کے موقع پر ریلیز کے لیے تیار ہے۔ اس بار اداکارہ ودیا بالن دوبارہ سے مونجولیکا کا کردار ادا کر رہی ہے۔

اداکار کارتک آریان نے بدھ کو بھول بھلیاں تھری کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فلم یکم نومبر کو دیوالی کے تہوار کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

بھول بھلیاں تھری کی خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں اداکارہ ودیا بالن کی واپسی ہوئی ہے جنہوں نے پہلے پارٹ میں مونجولیکا کا کردار ادا کیا تھا۔

فلم کے تیسرے حصے میں وہ دوبارہ مونجولیکا کے روپ میں نظر آئیں گی۔

فلم کے تیسرے حصے کی ہدایات انیس بزمی نے دی ہیں جب کہ اسے پروڈکشن کمپنی 'ٹی سیریز' کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

کامیڈی ہارر فرنچائز کا پہلا حصہ 2007 میں ریلیز ہوا تھا جس میں اداکار اکشے کمار، ودیا بالن اور راجپال یادو سمیت دیگر نے اداکاری کی تھی۔

یہ سال 2007 کی کامیاب ترین فلم ثابت ہوئی تھی جسے بے حد پسند کیا گیا تھا۔

بعد ازاں 2022 میں فلم کا دوسرا پارٹ ریلیز ہوا تھا جس میں کارتک آریان، تبو اور کیارا اڈوانی کو فرنچائز میں شامل کیا گیا تھا۔

جب کاسٹ میں نئے چہرے شامل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تو شائقین کو خاصی مایوسی ہوئی تھی کیوں کہ وہ فلم کے دوسرے حصے میں اپنے پسندیدہ ہیرو اکشے کمار کو ہی دیکھنا چاہتے تھے۔

SEE ALSO: سال 2024 میں آنے والی پانچ بڑی بالی وڈ فلمیں

لیکن جب فلم ریلیز ہوئی تو یہ بھی باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی۔

بھارت کی میڈیا کمپنی 'سیک نلک' کے اعداد و شمار کے مطابق بھول بھلیاں ٹو نے بھارت سمیت دنیا بھر سے 265 کروڑ 50 لاکھ روپے کا کاروبار کیا تھا۔