صدر جو بائیڈن اپنے برطانیہ کے دورے میں اتوار کے روز ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم سے سہ پہر کی چائے پر ونڈسر محل میں ملاقات کر رہے ہیں۔ وہ 13ویں امریکی صدر ہیں جو ملکہ الزبتھ دوم سے ملیں گے۔
ملکہ برطانیہ کی عمر اس وقت 95 برس ہے۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ بائیڈن اس سے قبل بھی 1982 میں ملکہ الزبتھ دوم سے مل چکے ہیں، لیکن اس وقت وہ سینیٹر تھے۔
اتوار کی طے شدہ ملاقات سے قبل صدر بائیڈن کی ملکہ برطانیہ سے جمعے کے روز ایک استقبالیے پر بھی ملاقات ہوئی جس میں پرنس چارلز اور ان کی اہلیہ کمیلا، پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ بھی موجود تھیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک رپورٹ کے مطابق، ملکہ برطانیہ اپنے اس منصب کے تقریباً 70 برس طویل دور میں ہر امریکی صدر سے مل چکی ہیں جس کا آغاز صدر آئزن ہاور سے ہوتا ہے۔ اس عرصے کے دوران لنڈن جانسن واحد امریکی صدر ہیں جن کی ملکہ الزبتھ دوم سے ملاقات نہیں ہوئی، کیونکہ انہوں نے اپنے عہدے کی مدت کے دوران کبھی برطانیہ کا دورہ نہیں کیا۔
ملکہ برطانیہ نے 1951 میں پہلی بار امریکہ کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت ان کی عمر 25 سال تھی اور وہ شہزادی تھیں۔ امریکہ کے اپنے دورے میں ان کی میزبانی صدر ٹرومین اور ان کے خاندان نے کی تھی۔
ملکہ برطانیہ سے ملاقات کرنے والے صدور میں سے چند کا احوال کچھ اس طرح ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جولائی 2018 میں برطانیہ کے دورے کے دوران ونڈسر محل میں ملکہ الزبتھ دوم سے ملاقات کی تھی۔ ٹرمپ کو اپنے اس دورے میں بڑے پیمانے پر مخالفانہ مظاہروں اور تنقیدکا سامنا کرنا پڑا تھا، کیونکہ انہوں نے گارڈ آف آنر کے معائنے میں پروٹوکول کو نظر انداز کر کے ملکہ سے آگے چلنا شروع کر دیا تھا اور ایک موقع پر ان کی طرف اپنی پشت بھی کی تھی۔
براک اوباما کو ملکہ برطانیہ سے تین بار ملاقات کا موقع ملا۔ پہلی بار وہ اپریل 2009 میں لندن میں گروپ ٹوینٹی کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملکہ سے ملے تھے۔ دوسری بار 2011 میں وہ دو روز کے لیے بکنگھم پیلس میں ان کے مہمان رہے اور تیسری بار 2016 میں ان کی ملاقات ونڈسٹر محل میں ملکہ کی 90 ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر ہوئی تھی۔
جارج ڈبلیو بش کی ملکہ الزبتھ دوم سے دو بار ملاقات ہوئی۔ پہلی بار وہ نومبر 2003 میں برطانیہ کے بکنگھم پیلس میں ملکہ سے سٹیٹ ڈنر پر ملے جب کہ دوسری بار ان کی ملاقات مئی 2007 میں اس وقت ہوئی جب ملکہ برطانیہ نے امریکہ کا دورہ کیا تھا۔
بل کلنٹن کی ملکہ برطانیہ سے ملاقات جون 1994 میں اس وقت ہوئی جب دوسری جنگ عظیم کے خاتمے اور فتح کی 50 سالگرہ پر نیوی کے مرکز پورٹس ماؤتھ میں لنگر انداز شاہی بحری جہاز پر ایک پرتکلف تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ کلنٹن نے ایک رات شاہی بحری جہاز پر گزاری اور اگلے روز ڈی ڈے کی 50 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے نارمنڈی روانہ ہو گئے۔
رونلڈ ریگن واحد امریکی صدر ہیں جنہیں ملکہ کی طرح گھڑ سواری سے دلچسپی تھی۔ 1982 میں جب انہوں نے برطانیہ کا دورہ کیا تو ونڈسر پیلس میں ملکہ کے ہمراہ 13 کلومیٹر کے ٹریک پر گھڑ سواری بھی کی۔ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے برطانیہ کے شاہی خاندان کے دریائے ٹیمز کے کنارے واقع 11 ویں صدی کے تاریخی محل میں قیام کیا۔ ریگن کی ملکہ برطانیہ سے دوسری ملاقات 1983 میں اس وقت ہوئی جب وہ پرنس ولیم کے ہمراہ امریکہ کے دورے پر آئیں۔
صدر جمی کارٹر کی 1977 میں اس وقت ملکہ برطانیہ سے ملاقات ہوئی تھی جب انہوں نے نیٹو سربراہان کی کانفرنس کے سلسلے میں یورپ کا دورہ کیا تھا۔ ملکہ نے بکنگھم پیلس میں نیٹو کے سربراہان کے لیے ایک عشائیے کا اہتمام کیا تھا۔
ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم سے امریکی جیرالڈ فورڈ کی ملاقات 1976 میں امریکی انقلاب کی ایک پروقار تقریب میں ہوئی جس کی مہمان خصوصی ملکہ تھیں۔ اس تقریب سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔ اس تقریب کا ایک خاص پہلو یہ تھا کہ اس میں صدر فورڈ نے ملکہ کے ہمراہ ڈانس بھی کیا۔