ملکہ برطانیہ کی پوتی شہزادی بیٹریس جمعہ کو ایک مختصر تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ ان کے شوہر ایڈوارڈو ماپیلی موزی نواب ہیں اور پراپرٹی ٹائیکون سمجھے جاتے ہیں۔
شہزادی بیٹریس کی شادی 29 مئی کو سینٹ جیمز پیلس کے چینل رویال میں ہونی تھی، لیکن کرونا وائرس کی وبا کے باعث اسے موخر کردیا گیا تھا۔ شادی کی نئی تاریخ کا پہلے سے اعلان نہیں کیا گیا تھا اور اس کی تصاویر بھی جاری نہیں کی گئیں۔
جمعہ کی تقریب رویال لاجز ونڈسر کے دا رویال چینل آف آل سینٹس میں منعقد ہوئی۔ بکنگھم پیلس کے مطابق، اس میں شہزادی کی دادی 94 سالہ ملکہ الزبتھ اور دادا 99 سالہ پرنس فلپ بھی شریک ہوئے۔ وبا کی وجہ سے کئی ماہ بعد ان دونوں کی کسی تقریب میں یہ پہلی شرکت تھی۔
شاہی ترجمان نے بتایا کہ برطانوی وقت کے مطابق دن 11 بجے ہونے والی تقریب میں صرف قریبی رشتے داروں نے شرکت کی اور اس میں تمام حفاظتی تدابیر کا خیال رکھا گیا۔
برطانیہ میں 23 مارچ کو لاک ڈاؤن کے آغاز کے بعد سے شادی کی تقریبات پر پابندی لگادی گئی تھی۔ 4 جولائی کو اس پابندی میں نرمی کرتے ہوئے اجازت دی گئی تھی کہ تقریب میں 30 افراد شریک ہوسکتے ہیں۔
شہزادی بیٹریس ملکہ کے چھوٹے بیٹے اینڈریو ان کی سابق اہلیہ سارہ فرگوسن کی بیٹی ہیں۔ دونوں خاندان کئی سال سے ایک دوسرے سے واقف تھے۔
31 سالہ بیٹریس کی 35 سالہ ایڈوارڈو سے جان پہچان 2018 میں اپنی چھوٹی بہن یوجین کی شادی کے موقع پر بڑھی اور اس کے بعد ملاقاتیں شروع ہوئیں۔ گزشتہ سال ستمبر میں اٹلی کے دورے پر انھوں نے منگنی کی تھی۔
شہزادی بیٹریس تخت کے وارثوں کی فہرست میں 9ویں نمبر پر ہیں۔ وہ شاہی خاندان کے رکن کے طور پر کام کرنے کے بجائے ایک کمپیوٹر کمپنی میں ملازمت کرتی ہیں۔ شادی کے ساتھ وہ سوتیلی ماں بن گئی ہیں، کیونکہ ان کے شوہر کا سابقہ منگیتر سے ایک بیٹا ہے۔