ایک نمایاں امریکی اخبار نےخبردی ہے کہ اسامہ بن لادن نےالاقاعدہ کو حکم دیا تھا کہ امریکی صدر براک اوباما اور جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کو، جو اُس وقت افغانستان میں اعلیٰ امریکی فوجی کمانڈرتھے، قتل کیا جائے۔
’واشنگٹن پوسٹ‘ کے کالم نگار ڈیوڈ اگنی ٹیئس نے جمعے کے روز لکھا ہے کہ بن لادن جس گھر میں رہائش پزیر تھے اُس کے احاطے سے ملنے والی دستاویزات اِس سازش کو بے نقاب کرتے ہیں۔ بن لادن نے لکھا تھا کہ مسٹراوباما کی ہلاکت کےبعد نائب صدرجو بائیڈن اقتدار میں آئیں گے، جو ایک ایسے فرد ہیں جو یہ عہدہ سنبھالنے کے لیے ’بالکل تیار نہیں‘۔
بن لادن نے تجویز دی تھی کہ امریکی صدرپرحملے کا کام پاکستانی دہشت گرد الیاس کشمیری کے حوالے کیا جائے۔ کشمیری گذشتہ جون میں ہونے والے ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوا تھا۔
امریکی اہل کاروں اورتجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اِس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ القاعدہ اِس طرح کے حملوں کےلیے تیار تھا۔