بالی ووڈ میں رومینٹک کہانیوں پرکامیاب فلمیں بنانے میں یش چوپڑا کا کوئی ثانی نہیں۔ ان کی ہر فلم کا موضوع پیار اور محبت ہی ہوتا ہے ۔ پرانے موضوع پر نئے انداز سے فلم بنانا اور اسے شہرت کی انتہائی بلندیوں پر پہنچانا یش چوپڑاکا ہی خاصہ ہے۔ اس ٹرینڈ کو اپنانے کی کوشش بہت سے دوسرے فلمسازوں نے بھی کی مگر زیادہ تر مات کھا گئے۔
یش چوپڑا نے سات سال کی طویل مدت کے بعد اب ایک نئی فلم بنانے کا اعلان کیا ہے اور حسب روایات اس فلم کا موضوع بھی وہی "لو ٹرائی اینگل " ہی ہوگا جبکہ ہیرو بھی وہی ہوں گے جو زیادہ تر ان کی فلموں کے ہیرو رہے ہیں ۔۔۔جی ہاں شاہ رخ خان!!! البتہ کترینہ کیف اور انوشکا شرما یش چوپڑا کی فلموں میں نیا اضافہ ہیں۔
کترینہ کیف کے لئے شاہ رخ خان اور یش چوپڑا کے ساتھ کام کرنے کا یہ پہلا موقع ہے۔ حالانکہ کترینہ یش راج فلمزکے تحت بننے والی دو دیگر فلموں میں کام کررہی ہیں ۔ میرے برادر کی دلہن جس میں ان کے ہیرو عمران خان ہیں اور دوسری ایک تھا ٹائیگر جس میں ان کے ہیرو سلمان خان ہیں۔
یش چوپڑا کا اپنی نئی فلم کے حوالے سے کہنا ہے کہ ان کے ڈائریکشن میں بننے والی یہ فلم بھی اگرچہ تین پیار کرنے والے لوگوں کے گرد گھومتی ہے مگر اسے ایک انوکھے انداز سے پکچرائز کیا جائے گا۔ فلم کے گانے اور میوزک فلم بینوں کے ذہنوں پر عرصے تک چھائے رہیں گے۔ بالکل اسی طرح سے جیسے 15 سال پہلے آنے والی فلم "دل تو پاگل ہے" کے گانے لوگوں کے دلو ں میں سمائے ہوئے ہیں۔
سات سال پہلے یش چوپڑا نے شاہ رخ خان، پریٹی زنٹا اور رانی مکھرجی کو لیکر "ویرزارا" بنائی تھی جبکہ" ویرزارا" سے آٹھ سال پہلے انہوں نے شاہ رخ خان، مادھوری ڈکشت اور کرشمہ کپور کو لے کر" دل تو پاگل ہے" ڈائریکٹ کی تھی اور یہ دونوں ہی فلمیں گانوں اور میوزک کے حوالے سے ہی نہیں ہر لحاظ سے کامیاب رہی تھیں۔