میسی کا جادو چل گیا، ارجنٹائن سیمی فائنل میں، برازیل آؤٹ

فیفا ورلڈ کپ کےکوارٹر فائنل راؤنڈ کے پہلے دو میچوں میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا، ایک طرف پانچ مرتبہ کی سابق چیمپئن ٹیم برازیل کروشیا کے ہاتھوں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی تو دوسری جانب فیورٹ ارجنٹائن کی پیش قدمی جاری ہے۔

کپتان لیونل میسی کی زیرقیادت ارجنٹائن کی ٹیم نے دوسرے کوارٹر فائنل میں تین مرتبہ کی فائنلسٹ نیدرلینڈز کے خلاف بہترین میچ کھیلا، ارجنٹائن نے میچ کا پہلا گول 35ویں منٹ میں اس وقت اسکور کیا جب مولینا نے میسی کے پاس سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی۔

میچ کا دوسرا گول پہلے وقفے کے بعد لیونل میسی نے پنلٹی کک کر کے اسکور دو صفر کیا،تاہم ڈچ ٹیم کی آخری 15 منٹ میں کارکردگی شان دار رہی اور انہوں نے 83ویں اور اضافی وقت کے درمیان دوگول اسکور کرکے میچ برابر کردیا۔

میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جس میں ارجنٹائن کے گول کیپر کے ساتھ ساتھ چند کھلاڑیوں نے بھی شان دار کارکردگی دکھائی، اس شکست کے ساتھ ہی نیدرلینڈز کی ٹیم کا سفر ایونٹ میں ختم ہو گیا جب کہ ارجنٹائن کی ٹیم گزشتہ دو مرتبہ کی طرح ایک بار پھر سیمی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی۔


اس سے قبل کھیلے گئے ایک اور کوارٹر فائنل میں پانچ مرتبہ کی سابق چیمپئن برازیل کا سامنا گزشتہ ورلڈ کپ کی رنرز اپ کروشیا سے تھا جو پنلٹی ککس پر کروشیا کی جیت پر ختم ہوا۔


برازیل کی جانب سے میچ کا پہلا گول نیمار نے اضافی وقت کے پہلے ہاف میں کیا ، ایک وقت میں تو سیمی فائنل تک رسائی ان کے ہاتھ میں تھی۔ لیکن کروشیا کے گول کیپر لیواکووچ کی شان دار کارکردگی اور پھر ساتھی کھلاڑیوں کی کوششوں کی وجہ سے کروشیا سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔

جب کروشیا کی جانب سے برونو پیٹکووچ نے کھیل کے 117ویں منٹ میں گول اسکور کرکے اسکور کو ایک ایک کردیا، تو پھر ریفری کو مجبورا پنلٹی شوٹ آؤٹ کاسہارا لینا پڑا، اس سیشن میں بھی کروشیا کے گول کیپر نے برازیل کی دو پنلٹی ککس روک کر میچ میں اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔

اس میچ کی خاص بات برازیل کے اسٹرائیکر نیمار کا 76واں گول تھا جس کے بعد وہ انٹرنیشنل مقابلوں میں برازیل کی جانب سب سے زیادہ گول کرنے والے پیلے کے برابر آگئے ہیں تاہم ان کے پاس پیلے جیسی قسمت نہیں جنہوں نے تین ورلڈ کپ جیتے جب کہ نیمار کوابھی پہلے بریک کا انتظار ہے۔


ایونٹ کے باقی دو سیمی فائنل میں کون کون پہنچے گا، فیصلہ آج ہوجائے گا

فیفا ورلڈ کپ میں اس وقت ایک سیمی فائنل کی دونوں ٹیموں کا فیصلہ ہو چکا ہے جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے چار ٹیمیں آج آمنے سامنے ہوں گی۔

ایونٹ کا تیسرا کوارٹر فائنل آج رات پاکستانی وقت کے مطابق آٹھ بجے مراکش اور پرتگال کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں فرانس اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔


ان چاروں ٹیموں میں سے انگلینڈ نے ایک اور فرانس نے دو مرتبہ ورلڈ کپ کی ٹرافی جیتی ہے جب کہ باقی دونوں ٹیمیں پہلی بار چیمپئن بننے کے لئے کوشاں ہیں۔

ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل منگل اور بدھ کی درمیانی شب ارجنٹائن اور کروشیا کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا سیمی فائنل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہوگا۔


دونوں سیمی فائنل ہارنے والی ٹیمیں 17 دسمبر ہفتے کو رات آٹھ بجے تیسری پوزیشن کا میچ کھیلیں گی جب کہ ایونٹ کا فائنل اتوار 18 دسمبر کو رات آٹھ بجے سیمی فائنل جیتنے والی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔