کرونا وائرس کے خدشات کے باوجود دنیائے فٹ بال کے تیسرے بڑے ایونٹ 'کوپا امریکہ' کپ کا برازیل میں آغاز ہو گیا ہے۔ اتوار کو ایونٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان برازیل نے وینزویلا کو 0-3 سے شکست دے دی۔
جنوبی امریکہ کی فٹ بال گورننگ باڈی کونمیبول نے دو ہفتے قبل ہی ایونٹ کے انعقاد کے لیے برازیل کا انتخاب کیا تھا۔ اس سے قبل یہ ایونٹ مشترکہ طور پر ارجنٹینا اور کولمبیا میں شیڈول تھا۔
جنوبی امریکہ کی 10 ٹیموں پر مشتمل کوپا کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان اور دفاعی چیمپئن برازیل نے وینزویلا کے خلاف زبردست کھیل پیش کیا۔ میچ کے 23 ویں منٹ میں مارکوئن ہس نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔
دوسرے ہاف میں میچ کے 63 ویں منٹ میں نیمار نے ایک گول داغ کر برازیل کی برتری ڈبل کی تو وینزویلا کی ٹیم دباؤ کا شکار دکھائی دی۔ میچ کے 89 ویں منٹ میں برازیل کے گیبریل بارسوسا نے ایک گول کر کے اسکورنگ بورڈ پر گول کی تعداد تین کر دی۔
میچ کے اختتام تک وینزیلا کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی جب کہ برازیل کے گولز کی تعداد تین تھی۔
وینزویلا کے کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت
وینزویلا کے اسکواڈ میں شامل آٹھ کھلاڑیوں کے ہفتے کو کرونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے جس کے بعد مزید 15 کھلاڑیوں کو ہنگامی طور پر طلب کیا گیا تھا۔
میزبان برازیل کو کرونا وبا کے دوران ایونٹ کے انعقاد پر تنقید کا سامنا ہے۔ ٹیم کے کوچ ٹائٹ بھی اس موقع پر ایونٹ کے انعقاد کے حامی نہیں تھے۔
کرونا وبا کے باعث ایونٹ کے میچز تماشائیوں کے بغیر ہوں گے۔ برازیل اور وینزویلا کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کو لاکھوں شائقین نے اپنے گھروں کی ٹی وی اسکرینز پر ہی دیکھا۔
یاد رہے کہ ایونٹ میں دس ٹیمیں شریک ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ 'اے' میں میزبان برازیل، کولمبیا، ایکواڈور، پیرو اور وینزویلا کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ گروپ 'بی' ارجنٹینا، بولیویا، چلی، پیراگوئے اور یوروگوائے کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔
کوپا امریکہ میں ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز تین جولائی سے ہو گا اور ایونٹ کا فائنل 10 جولائی کو میراکانا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دو سال قبل اسی گراؤنڈ میں کوپا امریکہ کے فائنل میچ میں برازیل نے پیرو کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر نویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں برس ہونے والے ایونٹ میں مجموعی طور پر 12 ٹیمیں شامل تھیں، جن میں جنوبی امریکہ کی فٹ بال ایسوسی ایشن کی دس رکن ٹیموں کے علاوہ قطر اور آسٹریلیا کو بطور میزبان مدعو کیا گیا تھا۔
ایونٹ کی بے یقینی کی وجہ سے قطر اور آسٹریلیا دست بردار ہو گئے تھے جس کے بعد اب 10 ٹیمیں ایونٹ کا حصہ ہیں۔