فیفا ورلڈکپ: جنوبی کوریا کو شکست، برازیل کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی آٹھ میں سے چھ ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا ہے جس میں سب سے زیادہ مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی برازیل بھی شامل ہے۔

فیفا ورلڈ کپ میں پری کوارٹر فائنل کا مرحلہ اختتام کی جانب گامزن ہے۔ کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والی آٹھ میں سے چھ ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا ہے جس میں سب سے زیادہ مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی برازیل کی ٹیم بھی شامل ہے۔

پانچ بار کی سابق چیمپئن ٹیم برازیل نے پیر کو جنوبی کوریا کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ برازیل نے میچ کے چاروں گول پہلے ہی ہاف میں اسکور کیے اور جنوبی کوریا کی ٹیم صرف ایک گول ہی کر سکی۔

انجری کا شکار ہونے والے اسٹار کھلاڑی نیمار بھی جنوبی کوریا کے خلاف فارم میں نظر آئے اور انہوں نے 80 منٹ تک میچ کھیلا۔

برازیل کی طرف سے پہلا گول میچ کےساتویں منٹ میں وینی جونیئر نے اسکور کیا جسے چھ منٹ بعد نیمار نے پنلٹی کک پر گول کرکے برابر کردیا۔

یہ برازیلین اسٹرائیکر کا اس میگا ایونٹ میں پہلا اور ورلڈ کپ مقابلوں میں مجموعی طور پر ساتواں گول ہے۔ اس گول کے ساتھ ہی وہ پیلے اور رونالڈو کے بعد برازیل کی جانب سے تین مختلف ورلڈ کپ مقابلوں میں گول کرنے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

برازیل کی جانب سے تیسرا گول 29ویں منٹ میں ریکارلیسن اور 36ویں منٹ میں لیوکس پکیٹا نے اسکور کیے۔ دونوں فیلڈ گول میں جنوبی کوریا کے دفاعی کھلاڑی بے بس نظر آئے جس کا برازیل نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

میچ کے بعد برازیلین کھلاڑیوں نے یہ جیت تین بار برازیل کو ورلڈ کپ جتوانے والے لیجنڈری کھلاڑی پیلے کے نام کی جو ان دنوں شدید علیل ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ برازیلین شائقین نے بھی 82 سالہ سابق فٹ بالر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

جاپان کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست

پانچ بار کی سابق چیمپئن برازیل کا کوارٹر فائنل میں مقابلہ کروشیا سے ہوگا جنہوں نے پیر کو کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میں جاپان کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

یہ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ تھا جس کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ میچ کے پہلے ہاف کے آخری لمحات میں جاپان نے ڈائزن مائدہ کے گول کی بدولت برتری حاصل کی جسے کروشیا نے 12 منٹ بعد ایوان پریسیچ کے گول کے ذریعے برابر کردیا۔

مقررہ وقت میں دونوں ٹیموں کا اسکور برابر ہونے کی وجہ سے اضافی وقت میں گیا جہاں سخت مقابلے کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔ میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

جاپان کے تاکومی مینامینو اور کاورو میٹوما کی پنلٹی ککس کو کروشیا کے گول کیپر ڈومینیک لیواکووچ نے روک کر ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔ جاپان کے تاکوما اسانو کے گول نے اور کرویٹ کھلاڑی مارکو لیواجا کے مس نے جاپانی شائقین کو میچ میں ان رکھا، لیکن ان کی تمام امیدیں اس وقت ٹوٹ گئیں جب مایا یوشیدہ بھی گول کرنے سے قاصررہے۔

کروشیا کے ماریو پسالیچ کا گول فیصلہ کن ثابت ہوا جس کے بعد کروشیا کی ٹیم ایونٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچ گئی جہاں اس سے قبل ارجنٹائن، فرنس، انگلینڈ، برازیل اور نیدرلینڈز پہلے ہی پہنچ چکی ہیں۔

ایونٹ کے آخری دو کوارٹر فائنلسٹ کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، آج کھیلے جانے والے پہلے پری کوارٹر فائنل میں ایونٹ میں رہ جانے والی واحد افریقی ٹیم مراکش کا مقابلہ سابق عالمی چیمپئن اسپین سے ہوگا جب کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات پرتگال اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا پہلا کوارٹر فائنل نو دسمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے کروشیا اور برازیل کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جس کے بعد جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب دوسرے کوارٹر فائنل میں نیدرلینڈز اور ارجنٹائن کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

تیسرا کوارٹر فائنل 10 دسمبر کو آٹھ بجے ہوگا، جس کی ٹیموں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ جب کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب فرانس اور انگلینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔

ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو کھیلا جائے گا جب کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب دوسرا سیمی فائنل ہوگا۔ ہفتے کو سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیموں کا تیسری پوزیشن کے لیے میچ آٹھ بجے، جب کہ فائنل ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو کھیلا جائے گا۔