رسائی کے لنکس

امریکہ کا ایران کو خواتین کے کمیشن سے ہٹانے کا مطالبہ


 11 مارچ 2019 کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن (CSW) کا 63واں اجلاس۔فائل فوٹو
11 مارچ 2019 کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن (CSW) کا 63واں اجلاس۔فائل فوٹو

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نے ایک بار پھر خواتین کی حیثیت سے متعلق اقوام متحدہ کے کمیشن میں ایران کی شرکت کی مخالفت پر زور دیا ہے۔

وائس آف امریکہ کی فارسی سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق، توار کو ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں، لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا، "ایرانی حکومت کو صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے وقف بین الاقوامی ادارے میں نہیں ہونا چاہیے۔ ایران کو خواتین کے اسٹیٹس سے متعلق کمیشن سے ہٹانا درست اقدام ہے۔"

ایران کو کمیشن سے نکالنے کے حوالے سے امریکہ کا تجویز کردہ ایک مسودہ قرارداد اس ماہ کے آخر میں اقوام متحدہ میں ووٹنگ کے لیے پیش کیا جائے گا۔

مسودے میں کہاگیا ہے: "اسلامی جمہوریہ کی پالیسیاں انسانی حقوق اور خواتین اور لڑکیوں کے حقوق اور عورتوں کے اختیارات کے کمیشن کے مشن سے انتہائی متصادم اورقابل مذمت ہیں۔ اور اسلامی جمہوریہ ایران کو (اس کی رکنیت کی)موجودہ مدت کے خاتمے سے قبل ہی فوری طور پر خواتین کے اسٹیٹس سے متعلق کمیشن سے ہٹا دینا چاہیے۔"

یمنی خواتین 8 مارچ، 2017 کو صنعا، یمن میں اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہونے والے ایک احتجاج میں حصہ لے رہی ہیں۔ اے پی فوٹو۔
یمنی خواتین 8 مارچ، 2017 کو صنعا، یمن میں اقوام متحدہ کی عمارت کے سامنے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہونے والے ایک احتجاج میں حصہ لے رہی ہیں۔ اے پی فوٹو۔

تہران نے حال ہی میں کمیشن کی چار سالہ معیاد کاآغاز کیا ہے۔ کمیشن کا مقصد، جس کا اجلاس ہر سال مارچ میں ہوتا ہے، صنفی مساوات کو فروغ دینا اور خواتین کو بااختیار بنانا ہے۔

پچھلے مہینے، گرین فیلڈ نے کہا تھا کہ کمیشن میں ایران کی رکنیت ادارے کی ساکھ پر ایک "بدنما داغ" ہے۔ "اور ہمارے خیال میں اسےبرداشت نہیں کیا جاسکتا۔"

تھامس گرین فیلڈ نے یہ بیان نومبر میں، 22 سالہ مہسا امینی کی پولیس حراست میں ہلاکت کے بعد 16 ستمبر کو ایران میں شروع ہونے والے عوامی مظاہروں پر مرکوز سلامتی کونسل کے ارکان کے ایک غیر رسمی اجتماع میں دیا تھا، جسے ارریا( Arria) میٹنگ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG