ہیتھرو ایئرپورٹ: تین دہشت گرد گرفتار

فائل

پولیس کے مطابق تینوں افراد کو پہلے سے حاصل شدہ انٹیلی جنس معلومات کی بنا پر عمان سے لندن ہیتھرو پہنچنے والی ایک پرواز سے گرفتار کیا گیا ہے جہاں اُن سے پوچھ گچھ جاری ہے

برطانیہ میں انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی پولیس نےلندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر تین مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس کے مطابق، گرفتار کیے گئے تین میں سے دو افراد کا تعلق برمنگھم کے ایشیائی اکثریتی علاقے سمال ہیتھ جب کہ ایک کا تعلق الم راک سے ہے۔ تینوں افراد کی قومیت نہیں بتائی گئی، جب کہ اُن کی عمریں تینتیس تینتیس اور انتالیس سال بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق تینوں افراد کو پہلے سے حاصل شدہ انٹیلی جنس معلومات کی بنا پرعمان سے لندن ہیتھرو پہنچنے والی ایک فلائیٹ سے گرفتار کیا گیا ہے، جہاں اُن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

پولیس نے یہ واضح نہیں کیا کہ گرفتار مشتبہ دہشت گرد برطانیہ میں دہشت گردی کے کسی منصوبے پر عمل کرنے والے تھے، لیکن اُن کے مطابق، تینوں افراد سے ایسی اشیاٴ اور دستاویزات برآمد کی گئی ہیں جو کہ وہ دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال کرنا چاہتے تھے۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی پولیس کےمطابق، اُن کے افسران نے گذشتہ ہفتےعمان کا دورہ کرکے وہاں کے حکام سےانٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کیا تھا، جِس کےبعد اِن تینوں کو برطانیہ میں ہی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اِس سے قبل گذشتہ سال بھی برمنگھم میں پولیس 12مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرچکی ہے۔