برطانوی وزیرِ اعظم اور ان کی منگیتر کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی

بورس جانسن اور کیری سائےمنڈز (فائل فوٹو)

برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن اور ان کی منگیتر کیری سائمنڈز کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔

دونوں شخصیات نے لگ بھگ سوا سال قبل فروری 2020 میں باقاعدہ طور پر اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا اور اب شادی کے لیے دعوت نامے بھی ارسال کرنا شروع کر دیے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے برطانوی اخبار 'دی سن' کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ بورس جانسن اور ان کی منگیتر کیری سائمنڈز نے اپنے رشتے داروں اور دوستوں کو شادی کی تقریب کے دعوت نامے ارسال کیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دونوں آئندہ برس 30 جولائی کو شادی کے بندھن میں بندھیں گے۔

اگرچہ دونوں افراد کی شادی کی تقریب کی تاریخ تو سامنے آگئی لیکن اس بات کو خفیہ رکھا جا رہا ہے کہ یہ شادی کس مقام پر ہو گی۔

دونوں کے ہاں ایک بیٹا بھی ہے۔

بورس جانسن کی عمر 56 برس ہے وہ اپنی 33 سالہ منگیتر کیری سائمنڈز کے ساتھ ڈاؤننگ اسٹریٹ میں رہتے ہیں۔

ڈاؤننگ اسٹریٹ برطانیہ میں وزیرِ اعظم کی رہائش گاہ ہے۔

سن 2019 میں بورس جانسن کے وزیرِ اعظم بننے کے بعد سے دونوں ایک ساتھ رہائش پذیر ہیں اور ان کے ہاں ایک بیٹا ول فریڈ لاری نکولس جانسن بھی ہے جس کی پیدائش گزشتہ برس ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ بورس جانسن کی یہ تیسری اور کیری سائمنڈز کی یہ پہلی شادی ہو گی۔

بورس جانسن نے اس سے قبل 1987 میں الیگرا موسٹائن اوِن سے پہلی شادی کی تھی جو 1993 میں اختتام کو پہنچی تھی۔

بورس جانسن 1993 میں ہی دوسری مرتبہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور انہوں نے مرینا وہیلر نامی خاتون سے شادی کی تھی۔ یہ شادی 25 سال بعد طلاق کی صورت میں ختم ہو گئی تھی۔

دونوں شخصیات نے ستمبر 2018 میں علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ بورس جانسن اور مرینا وہیلر کے چار بچے بھی ہیں۔