رسائی کے لنکس

برطانوی شہزادی بیٹرس اینڈریو کی شادی مئی میں طے


برطانیہ کی شہزادی بیٹرس اینڈریو کی اپنی چھوٹی بہن یوجنی کی شادی کے موقع پر ونڈسر پیلس میں ایک تصویر۔ 12 اکتوبر 2018
برطانیہ کی شہزادی بیٹرس اینڈریو کی اپنی چھوٹی بہن یوجنی کی شادی کے موقع پر ونڈسر پیلس میں ایک تصویر۔ 12 اکتوبر 2018

برطانیہ مئی میں شاہی خاندان کی ایک اور شادی کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ شادی ہے ملکہ الزبتھ دوم کے پوتی شہزادی بیٹرس اینڈریو کی، جس کے لیے 29 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

شاہی محل کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 31 سالہ شہزادی بیٹرس کی شادی ایڈوارڈو ماپیلی موزی سے ہونے والی ہے۔ ان کی عمر 37 سال ہے۔

یہ شادی سینٹ جیمز پیلس کے رائل چیپل میں ہو گی۔ یہ وہی تاریخی گرجا گھر ہے جہاں 1840 میں ان کی پڑ دادی، ملکہ وکٹوریہ کی شادی پرنس البرٹ سے ہوئی تھی۔

شہزادی بیٹرس اور موزی کی منگنی گزشتہ سال ستمبر میں ہوئی تھی۔

موزی ایک برطانوی پراپرٹی ڈیولپر ہیں اور پراپرٹی کی ایک کمپنی برینڈا کے بانی اور چیف ایکزیکٹو ہیں۔

ملکہ برطانیہ شادی پر بکنگھم پیلس میں ایک ضیافت دیں گی۔

پرنس اینڈریو کی بڑی بیٹی شہزادی بیٹرس اور ان کی سابقہ بیوی سارہ فرگوسن نے پچھلے سال یہ اعلان کیا تھا کہ بیٹرس کی منگنی موزی سے کر دی گئی ہے جو اٹلی کے ایک معروف خاندان سے تعلق رکھنے والے برطانوی شہری ہیں۔

بیٹرس کے والد پرنس اینڈریو نے گزشتہ سال نومبر میں جنسی زیادتیوں کے مقدمے میں سزا یافتہ امریکی شہری جیفری اپسٹین سے دوستی رکھنے پر شدید نکتہ چینی کے بعد شاہی سرگرمیوں سے دست بردار ہو گئے تھے۔

ایک امریکی خاتون ورجینیا رابرٹس گوفرے کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسٹین کی ایما پر پرنس اینڈریو سے جنسی تعلقات قائم کیے تھے جو 17 سال کی عمر میں شروع ہوئے اور متعدد مواقع پر انہوں نے پرنس کے ساتھ وقت گزارا۔

امریکی تفتیشی ادارہ ایف بی آئی، ایسٹین کے مقدمے کے سلسلے میں پرنس اینڈریو سے بھی تفتیش کرنا چاہتا تھا۔ لیکن، اس کا کہنا ہے کہ پرنس نے تعاون نہیں کیا۔

پرنس خود پر لگائے گئے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے اصرار کرتے ہیں کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

شہزادی بیٹرس کی چھوٹی بہن شہزادی یوجنی کی شادی 2018 میں ونڈسر پیلس میں جیک بروکس بینک کے ساتھ ہوئی تھی۔

XS
SM
MD
LG