لاس اینجلس: گیس لائن شگاف، کچھ علاقوں میں ہنگامی صورت حال

فائل

کیلی فورنیا کے گورنر نے کہا ہے کہ اُنھوں نے پورٹر رینج کے مکینوں سے ملاقات کی ہے، جن میں سے ہزاروں کو مقامی گیس کمپنی نے عارضی رہائش گاہیں فراہم کردی ہیں، جس سے قبل سر درد، بے ہوشی اور ناک سے خون بہنے کی شکایات سامنے آئی تھیں

قدرتی گیس لائن میں رساؤ کے باعث، کیلی فورنیا کے گورنر جیری براؤن نے لاس اینجلس کے کچھ علاقوں میں ہنگامی صورتِ حال کا اعلان کر دیا ہے، جہإں گیس کا اخراج ہونے سے مکینوں کے بیمار ہونے کی اطلاعات ہیں، جب کہ دیگر ہزاروں رہائشیوں نے گھر خالی کر دیے ہیں۔

براؤن نے کہا ہے کہ اُنھوں نے پورٹر رینج کے مکینوں سے ملاقات کی ہے، جن میں سے ہزاروں کو مقامی گیس کمپنی نے عارضی رہائش گاہیں فراہم کردی ہیں، جس سے قبل سر درد، بے ہوشی اور ناک سے خون بہنے کی شکایات سامنے آئی تھیں۔

ایک بیان میں، براؤن نے کہا ہے کہ، ’ریاست کے تمام اداروں کو موجودہ اہل کاروں، آلات اور تنصیبات کے استعمال کی اجازت ہوگی، تاکہ اِس واقعے سے بہتر طور پر نبردآزما ہونے کو یقینی بنایا جا سکے‘۔

یہ عام اعلان جاری کرتے ہوئے، گورنر نے کہا ہے کہ اُنھیں توقع ہے کہ گیس کا ادارہ معاوضے کے طور پر متاثرین کو خرچہ دے گا اور ساتھ ہی اُس کے صارفین کو زیادہ شرح سے رقوم دینے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔

لاس اینجلس کے پورٹر رینچ کے علاقے میں اکتوبر میں زمین دوز لائن کی خرابی کا معاملہ نمودار ہوا۔

بتایا جاتا ہے کہ ’سدرن کیلی فورنیا گیس کمپنی‘ کی ملکیت والا گیس کا کنواں گھنٹے میں 45000 کلوگرام میتھین گیس خارج کر رہا ہے، جس سے ریاست کی گرین ہاؤس گیس کی صورت حال میں 25 فی صد تک کا اضافہ آچکا ہے۔

بدھ کے روز ایک بیان میں، کمپنی نے کہا ہے کہ اُس کا دھیان ’فوری طور پر اور محفوظ طریقے سے گیس کے اخراج پر قابو پانے اور اس کے اثرات کم کرنے پر لگا ہوا ہے، تاکہ مکینوں کی تکالیف کا ازالہ ہوسکے۔

کمپنی کے اندازے کے مطابق، لائن میں لیکیج کو مارچ کے اواخر تک کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔