|
ویب ڈیسک _ چنئی ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلہ دیش کے فاسٹ بالر حسن محمود نے بھارت کے ٹاپ آرڈر کو جلد پویلین بھیج کر شائقین کے لیے میچ میں دلچسپی پیدا کر دی ہے۔
بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا جمعرات سے آغاز ہو گیا ہے۔ چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں اوپنرز نے پانچ اوورز ہی کھیلے تھے کہ حسن محمود کی شاندار بال پر شرما کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وہ چھ رنز ہی بنا سکے۔
ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے شبمن گل نے جیسوال کے ساتھ شراکت بنانے کی کوشش کی لیکن 28 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی حسن محمود کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے اور بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔
دو مضبوط بیٹرز کے خسارے کے بعد نامور بھارتی بلے باز وراٹ کوہلی کریز پر آئے اور انہوں نے بنگلہ دیشی بالرز کے سامنے محتاط انداز اپنایا لیکن اسی محتاط انداز کے نتیجے میں وہ حسن محمود کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کوہلی چھ گیندیں کھیل کر چھ ہی رنز بنا سکے۔
پانی کے وقفے تک بھارت کے تین کھلاڑی گیارہ اوورز میں 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ چکے تھے۔ چوتھی وکٹ پر جیسوال اور رشبھ پنت کریز پر موجود ہیں۔
دونوں ٹیموں نے پہلے ٹیسٹ میں تین، تین فاسٹ بالرز شامل کیے ہیں۔ میزبان بھارت کی گیارہ رکنی ٹیم میں یشسوی جیسوال، کپتان روہت شرما، شبمن گل، وراٹ کوہلی، رشبھ پنت، کے ایل راہول، روندرا جدیجا، روی چندرن ایشون، جسپرت بمراہ، آکاش دیپ اور محمد سراج شامل ہیں۔
بھارت کی گیارہ رکنی ٹیم شادمان اسلام، ذاکر حسن، کپتان نجم الحسن شانتو، مومن الحق، مشفق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن داس، مہدی حسن میراز، حسن محمود، ناہد رانا اور تاسکن احمد پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز میں وائٹ واش کیا تھا۔ پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی یہ نہ صرف پہلی کامیابی تھی بلکہ پہلا موقع تھا جب بنگلہ دیش نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔