متنازع بیان: بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

BCCI

بھارتی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر چیتن شرما نے اپنے متنازع بیان پر ہونے والی تنقید کے بعد جمعے کو عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

چیتن شرما نے مقامی ٹی وی 'ذی نیوز' کے اسٹنگ آپریشن میں کئی دعوے کیے تھے جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ سلیکشن کمیٹی کی سربراہ کے عہدے پر مزید نہیں رہ سکیں گے۔

چیتن شرما کی خفیہ طور پر ریکارڈ کی گئی یہ ویڈیو منگل کو منظر عام پر آئی تھی جس پر سابق بھارتی کرکٹرز نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ اس ویڈیو میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بعض بھارتی کرکٹرز 100 فی صد فٹ رہنے کے لیے ممنوعہ انجیکشن لگواتے ہیں۔

چیتن شرما نے اس ویڈیو میں سابق بھارتی کپتان وراٹ کوہلی اور کرکٹ بورڈ کے سابق صدر سارو گنگولی کے درمیان تنازع سمیت روہت شرما کے کپتان بننے اور ہاردک پانڈیا کی فٹنس پر بھی بات کی تھی۔

SEE ALSO: کئی بھارتی کرکٹرز فٹ رہنے کے لیے انجیکشن لگاتے ہیں، چیف سلیکٹر کا انکشاف

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چیتن شرما کے استعفے کے بعد سلیکشن پینل میں چار افراد رہ گئے ہیں جب کہ کرکٹ بورڈ جلد نئے چیئرمین کے نام کا اعلان کرے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر کرکٹ بورڈ نے چتین شرما سمیت پوری سلیکشن کمیٹی کو فارغ کر دیا تھا۔ تاہم رواں برس جنوری میں انہیں دوبارہ چیف سلیکٹر کے عہدے پر بحال کیا گیا تھا۔

چیتن شرما پروفیشنل کرکٹر رہے ہیں اور وہ بھارت کی جانب سے 23 ٹیسٹ اور 65 ون ڈے میچز بھی کھیل چکے ہیں۔