چین: برڈ فلو سے مزید چار افراد متاثر

پہلی بار ’ایچ سیون این نائین‘ برڈ فلو بیماری کے وائرس نے انسانوں کو متاثر کیا ہے، جب کہ ’ایچ فائیو این ون‘ نوعیت کے ’ایویان فلو‘ کی عام بیماری کے باعث گذشتہ عشرے کے دوران دنیا بھر کے 360سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے
چینی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ مزید چار افراد برڈ فلو کی بیماری کی ایک نئی نسل کا شکار ہوگئے ہیں، جس کے بعد ملک میں اس بیماری میں مبتلہ مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر سات ہوگئی ہے۔

جیانگسو کے مشرقی صوبے کے شعبہٴصحت نے منگل کو بتایا کہ اِس میں سے تین خواتین اور ایک مرد ہیں جنھیں H7N9وائرس لگ گیا ہے۔ تمام افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

شعبہٴصحت نے بتایا ہے کہ باقی چار کیسز اس بیماری سے متعلق نہیں لگتے۔

بتایا گیا ہے کہ بیمار افراد مرغی کو ذبح کرنے کے پیشے سے وابستہ ہیں، تاہم دوسرے لوگوں کا پرندوں سے کسی طرح کا کوئی براہ راست تعلق نہیں۔


بیماری کے یہ کیسز اتوار کے بعد سامنے آئے ہیں، جن میں تین افراد ’ایچ سیون این ون‘ کی بیماری میں مبتلہ ہوگئے ہیں، جن میں سے دو مرد تھے جو گذشتہ ماہ کے آغاز پر شنگھائی میں فوت ہوئے۔ وائرس سے متاثر ہونے کے باعث ایک خاتون، جن کا تعلق انہوئی صوبے سے ہے، اُن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

حالیہ کیسز سامنے آنے سے قبل، عالمی ادارہٴ صحت نے بتایا تھا کہ وہ ’ایچ سیون این نائین‘ کے پھیلنے کے بارے میں تفتیش کر رہے ہیں، لیکن اس بات کا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ یہ بیماری انسانوں میں پھیل سکتی ہے۔

کہا جاتا ہے کہ پہلی بار ’ایچ سیون این نائین‘ برڈ فلو بیماری کے وائرس نے انسانوں کو متاثر کیا ہے، جب کہ ’ایچ فائیو این ون‘ نوعیت کے ’ایویان فلو‘ کی عام بیماری کے باعث گذشتہ عشرے کے دوران دنیا بھر کے 360سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔