چینی صدر کی بائیڈن کو مبارک باد، بہتر تعلقات کی خواہش کا اظہار

فائل فوٹو

چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن کو تین نومبر کے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

چین کی سرکاری نیوز ایجنسی 'شنہوا' کے مطابق صدر شی نے اُمید کا اظہار کیا ہے کہ بائیڈن کے دور میں امریکہ اور چین کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور چین کے درمیان تعلقات نہ صرف دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ہے بلکہ عالمی برادری کو بھی ان تعلقات کے مستحکم ہونے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ دنیا کے مختلف سربراہان امریکی نائب صدر کو انتخابی کامیابی پر مبارک باد دے چکے ہیں تاہم چین کے صدر ان چند رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے اب تک انہیں باقاعدہ طور پر مبارک باد نہیں دی تھی۔

روسی صدر ولادی میر پوٹن بھی بائیڈن کو مبارک باد نہ دینے والوں میں شامل ہیں۔

SEE ALSO: چین سمیت ایشیا کے 15 ممالک کے مابین آزادانہ تجارت کا نیا معاہدہ

سن 2016 میں جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی تو اگلے ہی روز شی جن پنگ نے اُنہیں مبارک باد کا پیغام بھیجا تھا۔

صدر ٹرمپ چین کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ اور چین پر تجارتی چوری کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔ اُن کی حکومت میں چین اور امریکہ کے تعلقات بدترین سطح پر پہنچ گئے تھے۔

چین کے صدر نے امید ظاہر کی ہے کہ دنیا کی دونوں بڑی معیشتیں اپنے اختلافات بھلا کر ایک ساتھ کام کریں گی تاکہ عالمی سطح پر امن اور ترقی کے عظیم کام کو انجام تک پہنچایا جائے۔

چین کی وزارتِ خارجہ نے امریکی صدارتی انتخابات کے دس روز بعد جو بائیڈن کو مبارک باد دی تھی۔

'شنہوا' نیوز کے مطابق بدھ کو چین کے نائب صدر وانگ کشن نے بھی امریکہ کی نومنتخب نائب صدر کاملا ہیرس کو انتخابی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔