موسمیاتی تبدیلی ہی شدیدسیلابوں اور دیگر قدرتی آفات کا باعث ہے

موسمیاتی تبدیلی ہی شدیدسیلابوں اور دیگر قدرتی آفات کا باعث ہے

موسمیاتی تبدیلی ہی شدیدسیلابوں اور دیگر قدرتی آفات کا باعث ہے

نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے اکثر علاقوں میں پچھلے آٹھ دس سال سےقدرتی آفات کےشدید واقعات ہورہے ہیں، اور آنے والی ہرقدرتی آفت پچھلی سے زیادہ سنگین ہوتی ہے

ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید سیلاب اور دیگر قدرتی آفات موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آرہے ہیں۔

گذشتہ ایک عشرے سے پوری دنیا میں شدید موسموں کے واقعات میں اضافے کےساتھ ساتھ اِن میں شدت بھی آتی جارہی ہے، جِن میں پاکستان بھی شامل ہے۔

پاکستان میں موسمیات کےقومی امور سے متعلق مشیر، پروفیسر ڈاکٹر قمر زماں چودھری نے اس موضوع پر ’وائس آف امریکہ ‘ سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ موسم کی تبدیلی کی باتیں حقیقت پر مبنی ہیں۔ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے اکثر علاقوں میں پچھلے آٹھ دس سال سےقدرتی آفات کےشدید واقعات ہورہے ہیں، اور آنے والی ہر قدرتی آفت پچھلی سے زیادہ سنگین ہوتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں تواتر سے آنے والے سیلاب کی وجہ موسم کی تبدیلی ہے، جس سے نبردآزما ہونے کے لیے حکومتِ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کی قومی پالیسی مرتب کی ہے۔

سندھ کی مثال دیتے ہوئے، ڈاکٹر قمر زماں چودھری نے کہا کہ 1999ء میں سندھ میں سیلاب کی صورتِ حال پیدا ہوئی، 2003ء میں سیلاب نے بدین اور جنوبی سندھ میں بہت نقصان پہنچایا، 2006ء میں إِسی طرح کی صورتِٕ حال پیدا ہوئی اور اب 2011ء میں پھر سیلابوں سے سابقہ پڑا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں آنے والے سیلابوں کی وجہ سے کافی تباہی آئی ہے مگر اِس علاقے میں نکاسی آب کا نظام زیادہ بہتر نہیں ہے۔ لہٰذا، موسم سے متعلق نئی پالیسی میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ اِس نظام کی نئے سرے سے ڈزائننگ کی جائے، تاکہ سیلابوں کی صورت میں حالات سے بہتر طور پر نمٹا جاسکے۔

موسم کی تبدیلی سے متعلق نئی قومی پالیسی کے بارے میں اُن کا کہنا تھا کہ فی الوقت یہ منصوبہ بندی کمیشن کے زیرِ غور ہے اور چند ہفتوں کے اندر اِسے کابینہ کے سامنے پیش کیے جانے کی توقع ہے۔

تفصیل کے لیے آڈیو رپورٹ سنیئے: