ہلری کلنٹن صحتیاب، اسپتال سے روانہ

Secretary of State Hillary Clinton, center, is transported on the New York Presbyterian Hospital complex Wednesday, Jan. 2, 2013.

ہلری کلنٹن بدھ کی شام اپنے شوہر سابق صدر بل کلنٹن اور بیٹی چیلسیا کے ہمراہ نیو یارک کی پریسبٹرین اسپتال سے روانہ ہوئیں
صحتیاب ہونے پر امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن کو نیویارک کے اسپتال سے جانے کی اجازت دے دی گئی ہے، جہاں وہ بلڈ کلاٹ کےعلاج کے لیے کچھ روز تک داخل رہیں۔

ہلری کلنٹن بدھ کی شام اپنے شوہر سابق صدر بل کلنٹن اور بیٹی چیلسیا کے ہمراہ نیویارک کی پریسبٹرین اسپتال سے روانہ ہوئیں۔


ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ کی میڈیکل ٹیم نے یہ طے کیا کہ اُن کی حالت اب بہت بہتر ہے۔ ڈاکٹروں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ اُن کی صحت مکمل طور پر بحال ہو جائے گی۔

اس سے قبل آج ہی کے دِن امریکی محکمہٴ خارجہ نے بتایا کہ وہ ٹیلی فون کے ذریعے واشنگٹن میں اپنے عملے سے رابطے میں ہیں، جو اُن کی غیرموجودگی میں امریکی خارجہ امور کی دیکھ بھال کا ذمہ دار ہے۔

سرکاری بیان میں یہ نہیں بتایا گیا آیا ہلری کلنٹن کام سنبھالنے کے لیے واشنگٹن آئیں گی۔

ہلری کلنٹن سر میں بلڈ کلاٹ کے علاج کے لیے اتوار کے روز اسپتال داخل ہوئی تھیں، جنھیں یہ عارضہ دسمبر کے وسط میں لاحق ہوا تھا۔ اس سے قبل گھر پر وہ پیٹ کے وائرس کا علاج کررہی تھیں کہ بے ہوش ہوکر گر پڑیں۔ پینسٹھ سالہ سفارت کاری کی سربراہ گذشتہ ماہ کے آغاز سے کسی پبلک تقریب میں شریک نہیں ہوئیں۔