کمپیوٹر گیمز کھیلنے والے معمر افراد تیز چلتے ہیں: تحقیق

تحقیق میں یہ حیرت انگیز بات معلوم ہوئی کہ ایسے معمر افراد جو کمپیوٹر گیمز کھیلتے ہیں نہ صرف ان کی چال ان کے ہم عصر ساتھیوں کی نسبت بہتر ہوتی ہے بلکہ وہ چلتے ہوئے زیادہ بہتر توازن بھی قائم رکھ سکتے ہیں۔
ایک نئی تحقیق کے مطابق ایسے معمر افراد جو دماغی استعداد بڑھانے والی کمپیوٹر گیمز کھیلتے ہیں، وہ اپنے ہم عصر ساتھیوں کی نسبت زیادہ تیز چلتے ہیں اور چلتے وقت زیادہ بہتر توازن قائم رکھ سکتے ہیں۔

طبی ماہرین کہتے ہیں کہ جیسے جیسے عمر بڑھتی جاتی ہے انسان کے چلنے کا انحصار محض جسم پر ہی نہیں بلکہ انسانی ذہن کی کارکردگی پر بھی ہوتا ہے۔

اکثر معمر افراد جسمانی کمزوری کے باعث اکثر چلتے چلتے گر پڑتے ہیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بات کا تعلق انسان کی دماغی صحت سے بھی ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ کمزور پڑتی جاتی ہے۔

رینے ایل سمتھ امریکی ریاست الینوئے کے شہر شکاگو میں یونیورسٹی آف الینوئے سے منسلک ہیں اور اس تحقیق کی سربراہی کر رہی تھیں جس میں بڑھتی عمر اور صحت کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

رینے ایل سمتھ کہتی ہیں کہ ہمیں تحقیق میں یہ حیرت انگیز بات معلوم ہوئی کہ ایسے معمر افراد جو کمپیوٹر گیمز کھیلتے ہیں نہ صرف ان کی چال ان کے ہم عصر ساتھیوں کی نسبت بہتر ہوتی ہے بلکہ وہ چلتے ہوئے زیادہ بہتر توازن بھی قائم رکھ سکتے ہیں۔

اس تحقیق میں 70 برس کے 51 مرد و خواتین کو دو گروپوں میں بانٹا گیا۔ ایک گروپ کے لوگوں نے دس ہفتے تک کمپیوٹر پر ذہنی استعداد بڑھانے والے پروگرام کی ٹریننگ کی جبکہ دوسرے گروپ میں شامل معمر افراد نے ایسی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیا۔

رینے ایل سمتھ کہتی ہیں کہ بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ توازن قائم رکھ کر پیدل چلنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔ رینے کہتی ہیں کہ، ’مثال کے طور پر جب آپ کسی مصروف سڑک پر چل رہے ہوتے ہیں اور آپ کے دماغ کو بہت ساری چیزوں کا دھیان رکھنا پڑتا ہے اور ایک ہی وقت میں سب چیزوں پر اکٹھے کام کرنا پڑتا ہے جیسا کہ سڑک کو دیکھنا، آس پاس کے ماحول کو دیکھنا، بھاگتے دوڑتے بچوں کو دیکھنا اور یہ دیکھنا کہ سگنل پر کس وقت پیدل جانے کا اشارہ کھلا ہے یا نہیں‘۔

معمر افراد کے دونوں گروپوں کو دس ہفتے تک مانیٹر کیا گیا۔ اس کے بعد دونوں گروپ کے افراد کے چلنے میں فرق نوٹ کیا گیا۔ جو افراد کمپیوٹر گیمز کھیلتے تھے وہ اپنے دیگر ساتھیوں کی نسبت تیز چل رہے تھے۔

رینے ایل سمتھ کا کہنا تھا کہ ابھی یہ بات حتمی طور پر نہیں کہی جا سکتی کہ کمپیوٹر گیمز کھیلنے والے معمر افراد چلتے وقت زیادہ بہتر توازن رکھ سکتے یا نہیں کیونکہ اس میں بہت سے اور عوامل بھی شامل ہیں جن کا خیال رکھا جانا ضروری ہے اور تب ہی حتمی طور پر اس ضمن میں کوئی حتمی بات کہی جا سکتی ہے۔