رسائی کے لنکس

معمر حضرات میں پیدل چلنے سے فالج کا خطرہ کم: تحقیق


ماہرین کے مطابق بہت سے تحقیق دانوں نے اس بات کا بھی جائزہ لیا کہ فالج اور پیدل چلنے کی رفتار اور فاصلے کے درمیان کیا ربط ہے۔

ایک نئی تحقیق کے مطابق ایسے معمر حضرات جو اپنے روز مرہ معمول میں روزانہ کئی گھنٹے پیدل چلتے ہیں، اُن میں فالج کے امکانات بہت کم ہو جاتے ہیں جبکہ ان کے ایسے ساتھی جنہوں نے پیدل چلنے کو اپنے معمول کا حصہ نہیں بنایا، اُن میں فالج کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق بہت سے تحقیق دانوں نے اس بات کا بھی جائزہ لیا کہ فالج اور پیدل چلنے کی رفتار اور فاصلے کے درمیان کیا ربط ہے۔

انگلستان کی یونیورسٹی کالج، لندن سے تعلق رکھنے والی باربرا جے جیفریز نے خبررساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ، ’فالج ایک خطرناک مرض ہے اور موت یا انسان کے معذور ہو جانے کا ایک بڑا سبب ہے۔ لہذا اس بات کی ضرورت ہے کہ ایسے طریقے ڈھونڈے جائیں جن سے فالج کو دور رکھا جائے۔ خاص طور پر ان بڑی عمر کے افراد کے لیے جن کا فالج میں مبتلا ہونے کا امکان ہے‘۔

باربرا جے جیفریز اور ان کے ساتھیوں نے ان تحقیقی جائزوں کے ڈیٹا کا مطالعہ کیا جو کئی دہائیاں قبل شروع کی گئی تھی۔ اس تحقیق کا آغاز 1978 میں کیا گیا اور یہ 1980ء تک جاری رہی۔ جبکہ 1998ء سے 2000ء تک جب یہ حضرات اپنی عمر میں 60ء اور 70 کے پیٹے میں تھے، ایک بار پھر ان کی صحت کا جائزہ لیا گیا اور اس بات کا تعین کیا گیا کہ انہوں نے اپنے روزانہ کے معمول میں ورزش کو کتنی جگہ دی ہے۔

اس تحقیق میں 2,995 مردوں نے حصہ لیا جنہیں اُس وقت (جب سروے کیا گیا) تک دل کی کوئی بیماری یا فالج کا حملہ نہیں ہوا تھا جبکہ تحقیق دانوں نے 11 سال بعد دوبارہ ان سے رابطہ کرکے ان کی صحت کا حال نوٹ کیا۔

جب 11 سال بعد فالو اپ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ جو مرد زیادہ دیر تک پیدل چلتے ہیں، ان میں فالج کا امکان کم ہو جاتا ہے۔

ایک اور قابل ِحیرت بات یہ سامنے آئی کہ وہ مرد جو روزانہ تین گھنٹے یا اس سے زیادہ دیر تک پیدل چلتے ہیں ان میں فالج میں مبتلا ہونے کا رسک ان لوگوں کی نسبت دو تہائی کم تھا جو بہت کم پیدل چلتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG