بھارت نے سری لنکا کو کرکٹ کے فائنل میں شکست دے کر 1983ء کےبعد عالمی کپ جیت لیا۔
ہفتے کے روز ممبئی کے تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ونکھیڈے اسٹیڈیم میں بھارتی ٹیم نے سری لنکا کے 274 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے 48 ویں اور میں چار وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف عبور کرلیا۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور اس نے جیت کے لیے بھارت کو275 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کی جیت میں ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا بڑا ہاتھ ہے جنہوں نے91 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم جو پانچ روز ٹیسٹ مقابلوں میں رینکنگ کے لحاظ سے پہلے نمبر پر ہے، آج کی فتح کے بعد ون ڈے میں بھی پہلے درجے پر آگئی ہے۔ جب کہ اس سے قبل عالمی کپ کا چیمپیئن آسٹریلیا تھا ، جو اس ٹورنامنٹ میں سیمی فائنل سے پہلے ہی دوڑ سے باہر ہوگیا۔
بھارتی ٹیم کے معروف کرکٹر سچن ٹنڈولکر اپنے آبائی شہر ممبئی میں اپنی 100ویں سنچری اسکور کرنے میں ناکام رہے۔
سری لنکا کی پہلی وکٹ ساتویں اوورز میں 17 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب ابتدائی بلے باز اپل تھرنگا دو رنز بنا کر ظہیر خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی دلشان تھے جو 33 رنز بنا کر ہربجھن سنگھ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ کپتان سنگاکارا 48 رنز بنا کر یووراج کی گیند پر دھونی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ سمارا ویرا نے 21 رنز بنائے اور انھیں بھی یووراج نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کاپوگدیرا تھے جن کی وکٹ ظہیر خان کے حصے میں آئی۔
جے وردنے نے شاندار کھیل پیش کرتےہوئے 103 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جب کہ ان کا ساتھ دینے والے پریرا نے نو گیندوں پر 22 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعی اسکور کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ظہیر خان نے اس میچ میں دو وکٹیں حاصل کرکے اس میگا ایونٹ میں پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کے برابر یعنی 21 وکٹیں حاصل کرلی ہیں۔
سری لنکا کی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئیں۔ میتھیوز، مینڈس، ہیراتھ اور چمارا ویرا کی جگہ پریرا، راندیو، کلاسیکرا اور چمارا کاپوگیدرا کو شامل کیا گیا جب کہ بھارت نے اشیش نہرہ کی جگہ سری سانتھ کو فائنل میچ کے لیے ٹیم میں شامل کیا۔
پہلی بارکرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں فائنل ٹیموں کی کپتانی وکٹ کیپرز کررہے ہیں اور پہلی بار ہی ایسا ہوا ہے کہ ٹاس دوبار کیا گیا۔ پہلی بار ٹاس کرتے وقت یہ واضح نہیں ہوسکا تھا کہ کس نے سکے کا کونسا رخ پکارا ہے لہذا دوبارہ ٹاس کیا گیا جو سری لنکا نے جیتا۔
فائنل میچ میں پاکستان کے علیم ڈار اور آسٹریلیا کے سائمن ٹافل فیلڈ امپائرز کے فرائض انجام دیئے۔
سری لنکا نیوزی لینڈ اور بھارت پاکستان کو ہرا کر فائنل پہنچے ہیں۔