نیوزی لینڈ کے آف سپِن باؤلر نیتھن مکیلم چنائی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں جس کی وجہ سے کینیا کے خلاف اتوار کوعالمی کپ کے پہلے میچ میں ٹیم میں اُن کی شمولیت مشکوک ہوگئی ہے۔
یہ انکشاف نیوزی لینڈ ٹیم کے میڈیا مینیجر نے عالمی کپ شروع ہونے سے ایک روز قبل کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ نیتھن کو تیز بخار کی حالت میں جمعرات کی رات ہسپتال میں داخل کیا گیا اور اس وقت ڈاکٹر اُن کا ِمشاہدہ کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ انھیں ہفتہ کو ہسپتال سے فارغ کردیا جائے گا۔
اچھی کارکردگی کی بدولت مکلیلم پچھلے چھ ماہ سے ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کا مستقل رکن ہیں اور موثر انداز میں بائیں ہاتھ سے لیگ سپن کرانے والے کپتان ڈینیل وٹوری کاساتھ دے رہے ہیں۔ اس عرصے کے دوران اپنی نپی تلی باؤلنگ کے ساتھ ساتھ انھوں نے اچھی بیٹنگ کا بھی مظاہرہ کیا ہے اور پاکستان کے خلاف حالیہ سیریز میں دو نصف سنچریاں بھی بنائیں۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کی حالیہ مہینوں میں کارکردگی اطمینان بخش نہیں رہی ہے اور عالمی کپ سے پہلے کھیلے گئے سولہ ایک روزہ میچوں میں سے چودہ میں اسے شکست ہوئی۔