پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جو پاکستان کی میزبانی میں آئندہ سال متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔
سیریز میں تین ٹیسٹ، چار ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹیسٹ میچ 17جنوری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی ٹیم ان دنوں زمبابوے کے دورے پر ہے جبکہ انگلینڈ اپنے ہاں بھارت کے خلاف سیریز کھیل رہی ہے ۔ٹیسٹ میچوں کی سیریز چار۔صفر سے جیتنے کے بعد انگلینڈ اس وقت عالمی درجہ بندی پر پہلے نمبر پر آچکی ہے جب کہ اس سے قبل یہ اعزاز بھارت کے پاس تھا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان گزشتہ سال ہونے والی سیریز قومی ٹیم کے لیے خوشگوار ثابت نہیں ہوئی تھی۔ لارڈز میں کھیلے جانے والے ایک ٹیسٹ میچ کے دوران تین اہم کھلاڑیوں کپتان سلمان بٹ، فاسٹ باؤلر محمد آصف اور محمد عام پر لگائے اسپاٹ فکسنگ کے الزامات نے پاکستانی ٹیم کو مزید مشکلات سے دوچار کردیا تھا۔
ان تینوں کھلاڑی پر بعد ازاں کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی کی طرف سے کھیل میں کسی بھی طرح کی شمولیت کی پابندی لگا دی گئی ۔