پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں امریکی امداد سے تعمیر کیے جانے والے گومل زام ڈیم کی تکمیل آخری مراحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
منصوبے کے ڈائریکٹرکریم الله حق نے منگل کے روز وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ ڈیم پر 94 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور امریکہ کہ طرف سے دو کروڑ ڈالر کی امداد مل چکی ہے جب کہ اتنی ہی مزید رقم جلد فراہم کر دی جائے گی جس کے بعد آئندہ چار ماہ میں یہ کام مکمل کرلیا جائے گا۔
گذشتہ ماہ پاکستانی اور امریکی حکام کے درمیان طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت اس منصوبے کے لیے بین الاقوامی ترقی کا امریکی ادارہ ”یوایس ایڈ“ چار کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔
اس منصوبے سے حاصل ہونے والی 17.4میگا واٹ بجلی سے علاقے کے 25 ہزارگھرمستفید ہوں گے جب کہ اس ڈیم میں پانی کے ذخیرے سے ڈیرھ لاکھ ایکٹر زمین کو سیراب بھی کیا جاسکے گا۔
جنوبی وزیر ستان کو عسکریت پسندوں کا گڑھ تصور کیا جاتا تھا لیکن فوج کا کہنا ہے اس قبائلی علاقے میں فوجی آپریشن کے بعد بیشتر حصے پر حکومت کی عمل داری بحال ہو گئی ہے۔