قومی قرضوں کا بحران اور امریکی شہری

US Economy

باغیچوں کی ٓرائش کرنے والے کریگ لیدر مین کہتے ہیں کہ امریکی حکومت اپنے اخراجات ایسی رقم سے پورے کر رہی ہے،جو اس کی ہے ہی نہیں۔ کریگ مین اپنے کاروباری خرچے اور آمدنی کا حساب لکھ کر بجٹ بناتے ہیں تاکہ انہیں پتہ ہو کہ ان کی جیب کیا اجازت دیتی ہے۔

امریکہ میں جوں جوں ملکی قرضوں کی حد بڑھانے پر بحث زور پکڑ رہی ہے ۔ امریکی شہری بھی اپنے اخراجات اور قرضوں کی صورتحال کا جائزہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ امریکہ میں کئی لوگ تسلیم کرتے ہیں کہ انہیں اپنی آمدنی اورقرضوں میں توازن قائم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

باغیچوں کی آرائش کرنے والے کریگ لیدر مین کے مطابق امریکہ میں کئی لوگوں کو یہ اندازہ ہی نہیں کہ وہ کنگال ہونے کے کتنے قریب ہیں ۔ انہیں بھی نہیں تھا ۔اس سابق انشورنس سیلز مین نے یہ بات کچھ تلخ تجربوں سے سیکھی ۔ امریکہ کے معاشی حالات خراب ہوئے تو ان کی سیلز کا کمیشن کم ہونا شروع ہوگیااور انہیں اپنا وہ کام چھوڑنا پڑا۔

اب جبکہ انہوں نے اپنی میز کرسی والی ملازمت چھوڑ کر ہاتھ سے محنت کا راستہ اپنایا ہے ، وہ اپنا دن اپنے کلائنٹس کے باغیچوں کی قطع برید کرنے ، بے ترتیب پودوں کی تراش خراش اوراپنے ملازمین کے ساتھ جنگلی جڑی بوٹیاں اکھاڑنے میں گزارتے ہیں ۔

http://www.youtube.com/embed/EZEriU8rpMY

ریاست میری لینڈ کے گلنڈن نامی علاقے میں جہاں گرمیوں کی اس انتہائی گرم دوپہر کو واشنگٹن میں ہونےو الی قرضے کی بحث بہت دور دکھائی دیتی ہے ، مگر بہت سے امریکیوں کی طرح لیدر مین بھی اس بارے میں سوچتے رہتے ہیں ۔ ان کا کہناہے کہ حکومت اپنے اخراجات ایسی رقم سے پوری کرتی ہے جو اس کی ہے ہی نہیں، یعنی وہ یہ رقم ادھار لیتی ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ میں اپنے کاروباری خرچے اور اپنی آمدنی سب کا حساب لکھتا ہوں ۔ پھر ایک بجٹ بناتا ہوں تاکہ مجھے پتہ ہو کہ میں کہاں ہوں کیونکہ ایک کاروبار کرنے والے کو جب تک پتہ نہیں ہوگا کہ وہ کہاں ہے، یہ بھی پتہ نہیں چلے گا کہ وہ کہاں پہنچنا چاہتا ہے۔

قومی قرضوں کا بحران اور امریکی شہری

ماہرین معاشیات اسے بنیادی بجٹ بنانا کہتے ہیں ۔ اس نے لیدر مین کو مالی مسائل سے نکالا ہے ، پھرانہوں نے بارٹر سسٹم کی طرح اپنے کچھ سامان کے بدلے باغبانی کے آلات حاصل کئے ۔ پھر آہستہ آہستہ کر کے خود کو قرض کے چنگل سے نکالا ۔ اب وہ کئی اور لوگوں کو ملازم رکھ کر ان کی مدد کر رہے ہیں ۔

وہ کہتے ہیں کہ جب مجھے یہ خیال آتا ہے کہ مجھ پر کوئی قرضہ نہیں ہے ،تو مجھے اگلے دن کام کرنے کی ہمت ملتی ہے ۔ میں اپنے حالات بدلتےاور خوشحالی آتے دیکھتا ہوں ۔

اب کریگ لیدر مین ہر اس شخص کو جو سنناچاہے یا نہ سننا چاہے، یہ بتاتے نہیں تھکتے کہ وہ بھی ان کی طرح قرض سے جان چھڑا سکتا ہے۔