بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کے لیے اب تک سال 2023 ایک کامیاب سال ثابت ہو رہا ہے۔ کیوں کہ سال کا اختتام وہ اپنی تیسری فلم 'ڈنکی' کے ساتھ کرنے جارہے ہیں جس کا ٹریلر منگل کی صبح ریلیز ہوتے ہی وائرل ہوگیا ہے۔
اکیس دسمبر 2023 کو ریلیز ہونے والی اس فلم کے ٹریلر میں شاہ رخ خان کو مختلف کرداروں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ کہیں وہ ایک نوجوان اسٹوڈنٹ ہیں تو کہیں ایک بڑی عمر کے آدمی، کہیں انہیں 'ڈنکی' کے کردار میں بھی دیکھا جاسکتا ہے جو فلم کا اصل موضوع ہے۔
’ڈنکی‘ کی ہدایت معروف ہدایت کار راج کمار ہیرانی نے دی ہے اور انہوں نے شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان کے ہمراہ اس فلم کو پروڈیوس بھی کیا ہے۔
راج کمار ہیرانی اس سے قبل منا بھائی ایم بی بی ایس، پی کی، تھری ایڈیٹس اور سنجو جیسی کامیاب فلمیں بناچکے ہیں۔
ڈنکی کے ٹریلر میں شاہ رخ خان کے علاوہ تاپسی پنو، وکی کوشل ، اور بومن ایرانی کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ امکان ہے کہ معروف اداکار دھرمیندر، ستیش شاہ اور پرکشٹ ساہنی بھی اس میں اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔
کیا باکس آفس پر 'ڈنکی' شاہ رخ خان کی جنوری میں یلیز ہونے والی’پٹھان‘ اور ستمبر میں سنیما گھروں میں لگنے والی ’جوان' کا ریکارڈ توڑ سکے گی؟ اس بارے میں فوری طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا لیکن ڈنکی کے ٹریلر کو دیکھ کر اتنا ضرور اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ایک سوشل فلم ہوگی جس میں ایکشن کے ساتھ ساتھ اور بھی بہت کچھ نظر آئے گا۔
'یہ کہانی میں نے شروع کی، تو ختم بھی ہی میں کروں گا!'
فلم کے ٹائٹل سے تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومے گی جو غیرقانونی طور پر ایک ملک سے دوسرے ملک لوگوں کو لے جانے میں مدد دیتا ہوگا، کیوں کہ ڈنکی کے پیشے سے منسلک لوگ یہی کام کرتے ہیں۔
فلم کا ٹریلر بتاتا ہے کہ کہانی ہارڈی نامی ایک نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو 1995 میں لالٹو نامی قصبے میں اپنے چار دوستوں کے ساتھ ہنسی خوشی زندگی بسر کررہا ہوتا ہے، ایک واقعہ ان تمام افراد کی زندگی کو ہمیشہ کے لیے بدل دیتا ہے جس کے بعد وہ لالٹو ہی نہیں، بھارت سے باہر جانے کا فیصلہ کرتے ہیں۔
فلم کے ٹریلر میں انگریزی کو موضوع بحث بناکر پیش کیا گیا ہے، جب شاہ رخ خان کے کردار ہارڈی کا دوست ایک ویزہ انٹرویو میں انگریزی نہ آنے کی وجہ سے فیل ہوجاتا ہے تو وہ باقی دوستوں سے سوال کرتا ہے کہ جب انگریزوں سے ہندوستان آتے وقت ہندی آنے کا نہیں پوچھا گیا تھا تو انگلستان جانے والوں سے انگریزی کے بارے میں کیوں پوچھا جاتا ہے۔
SEE ALSO: 20 برس قبل راج کمار ہیرانی کی فلم نہ کرنے والے شاہ رخ اب سب کچھ کرنے کو بےتاباس فلم کے ذریعے معروف اداکارہ تاپسی پنوں پہلی مرتبہ شاہ رخ خان کے مدمقابل کام کررہی ہیں جب کہ وکی کوشل کو بھی ایک انوکھے کردار میں دیکھا جاسکتا ہے۔
ہدایت کار راج کمار ہیرانی کی تمام فلموں میں کام کرنے والے بومن ایرانی بھی اس فلم کی کاسٹ میں بطور انگلش ٹیچر شامل ہیں۔
'ڈنکی' کے ٹریلر میں کامیڈی کے ٹچ کے ساتھ ساتھ ٹریجڈی کا بھی رنگ ہے جو راج کمار ہیرانی کا ٹریڈ مارک ہے۔ شاہ رخ خان کو نہ صرف ایک ینگ ٹو اولڈ (یعنی جوان سے بوڑھے) کے روپ میں دکھایا گیا ہے بلکہ ٹریلر میں انڈر واٹر سین، کار چیس اور فائٹ سیکوینس کی بھی جھلک دکھائی گئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی کیا رائے ہے ؟
شاہ رخ خان کی اس سال ریلیز ہونے والی دونوں فلمیں پٹھان اور جوان میں وہ بطور ایکشن ہیرو نظر آئے لیکن ڈنکی میں ان کا کردار ان دونوں فلموں سے مختلف نظر آرہا ہے، جس کی وجہ سے شائقین اس کا انتظار کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر تبصرہ دیتے ہوئے کسی نے ڈنکی کو اصل فلم قرار دیا تو کسی کے خیال میں ڈنکی کی ریلیز کے بعد باکس آفس کے کنگ کی بحث ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گی۔
سید عرفان احمد نامی صارف نے ٹریلر میں موجود گانے کی تعریف کرتے ہوئے پیش گوئی کی کہ یہ فلم کرسمس سیزن میں شاندار بزنس کرے گی۔
امیت راہنگدلے نےشاہ رخ خان کی سابقہ فلموں پٹھان اور جوان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ڈنکی میں صرف جذبات نظر آئیں گے، ایکشن، مسالہ اور ایلی ویشن (اونچائی سے نیچے آنے والے ایکشن) نہیں۔
ان کے مطابق اس قسم کی فلم سے شائقین اس ایکشن اوورڈوز کو بھول جائیں گے جس نے پورا سال باکس آفس پر راج کیا تھا۔
جاوید نامی صارف سمجھتے ہیں کہ ڈنکی اس سال آنے والی دیگر فلموں سے ہٹ کر ہوگی جسے خاندان کے تمام افراد کے ساتھ بیٹھ کر دیکھا جاسکتا ہے۔
ڈنکی 21 دسمبر کو بھارت سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی، باکس آفس پر اس کا مقابلہ اداکار پربھاس کی فلم 'سالار' سے ہوگا ۔