الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت ملک بھر میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے نتائج کا اعلان 14 دسمبر کو کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے جمعرات کو جاری کردہ نوٹی فکیشن کے بعد ملک میں عام انتخابات کا 90 روز میں انعقاد غیر یقینی ہو گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج شائع ہونے کے بعد کمیشن آئین کے تحت نئی حلقہ بندیاں کرانے کا پابند ہے۔
الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں موجودہ حلقہ بندیوں کو منجمد کر دیا ہے جب کہ 21 اگست تک چاروں صوبوں اور اسلام آباد میں حلقہ بندیوں کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں سے 22 سے 31 اگست کے درمیان اضلاع، تحصیلوں کا ڈیٹا اور نقشوں سمیت دیگر مواد طلب کر لیا ہے۔
یکم سے چار ستمبر تک نئی حلقہ بندیوں پر مامور عملے کی ٹریننگ کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 14 دسمبر تک حلقہ بندیوں کے حتمی نتائج جاری کر دیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں مردم شماری کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات سامنے آئے تھے۔
رواں برس ڈیجیٹل مردم شماری مکمل ہو گئی تھی، تاہم مشترکہ مفادات کونسل سے اس کے نتائج کی منظوری درکار تھی جس نے رواں ماہ نتائج شائع کر دیے تھے۔
ماہرین کے مطابق نتائج جاری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن ملک بھر میں نئی حلقہ بندیاں کرانے کا پابند ہے۔ الیکشن کمیشن حکام نے پہلے بھی یہ عندیہ دیا تھا کہ حلقہ بندیوں میں چار ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔