قاہرہ: التحریر اسکوائر کے قریب فائرنگ

قاہرہ: التحریر اسکوائر کے قریب فائرنگ

قاہرہ: التحریر اسکوائر کے قریب فائرنگ

اطلاعات کے مطابق جمعرات کی صبح قاہرہ کے التحریر اسکوائر کے قریب فائرنگ ہوئی ہے اور عینی شاہدین نے ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ اس سے کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

دارالحکومت کے اس مرکزی مقام پر مصری صدر حسنی مبارک کے حامیوں اور ان کے مخالفین نے کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

بدھ کو مصری صدر کے حامیوں کی بڑی تعداد گھوڑوں اور اونٹوں پر سوار ہو کر التحریر اسکوائر پہنچ گئی تھی جب کہ نامعلوم افراد نے عمارتوں کی چھتوں سے صدر حسنی مبارک کے 30 سالہ اقتدار کے خاتمے کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین پر پٹرول بم بھی پھینکے تھے۔

مختلف ملکوں کے عہدے داروں کا ماننا ہے کہ صدر مبارک کے مخالفین پر تشدد مصری حکومت کی ایماء پر کیا جا رہا ہے۔

مظاہرین کے درمیان بدھ کو ہونے والی جھڑپوں میں مصری وزارت صحت کے مطابق تین افراد ہلاک اور ساڑھے چھ سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔