پاکستان بھر میں عید الاضحی کا تہوار بدھ کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اور ملک بھر میں سنت ابراہیمی کی اتباع میں لاکھوں جانورقربان کئے گئے۔ دن کا آغاز نماز عید سے ہوا جس کا ہر چھوٹے بڑے شہر کی مساجد اور امام بارگاہوں اور عیدگاہوں میں خصوصی انتظام کیا گیا۔ بعد نماز عید لوگوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی راہ میں جانور ذبح کئے۔
عید کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے اور سندھ بھر میں 25ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ اس موقع پر ان مقامات کی سب سے زیادہ مانیٹرنگ کی گئی جہاں نماز کے اجتماعات ہوئے ۔ ان میں حیدر آبادکے علاقے رانی باغ ، لطیف آباد ،قاسم آباد ،حسین آباد ،کربلا دادن شاہ اور قدم گاہ مولا علی شامل تھے جبکہ سکھرمیں عید گاہ، جناح میونسپل اسٹیڈم، ریلوے گراوٴنڈ، جامعہ مسجد اور لیف پارک سمیت 50 مقامات پرسیکورٹی الرٹ رہی۔
سندھ کے ایک اور بڑے شہر نوابشاہ میں کم و بیش پانچ سو مقامات پر نماز عید ادا کی گئی اور سنت ابراہیمی کی یاد میں ہزاروں جانور قربان کئے گئے۔علاوہ ازیں سندھ کے دیگر علاقوں ٹنڈو الہ یار،خیر پوراور دیگر مقامات پر بھی نماز عید ادا کی گئی ۔
ادھر پنجاب کے شہر فیصل آباد میں سات سو سے زائد مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے جہاں سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات موجود تھے۔صوبہ خیبرپختونخواہ کی وادی سوات،شمالی وزیرستان مین میران شاہ،رزمک،میر علی ،دتہ خیل ، غلام خان ، پارا چنار اور کرک میں بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی اور جانور ذبح کئے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کے دار الحکومت مظفر آبادمیں بھی تیس سے زائد مقامات پر نماز عید ادا کی گئی اور سنت ابراہمی کی پیروی کرتے ہوئے لوگوں نے جانوروں کی قربانی دیں جبکہ بلوچستان کے شہروں چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اورژوب سمیت دیگر علاقوں میں بھی درجنوں مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔
نماز عیدکے اجتماعات میں ملکی سلامتی ، ترقی اور امن و امان کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
کراچی میں بھی سینکڑوں مقامات پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے نماز عید اور قربانی کا فریضہ ادا کیا۔ شہر میں مختلف سیاسی تنظیموں کی جانب سے اجتماعی قربانی کے مراکز قائم کئے گئے تھے ۔ ان تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے غریب اور نادار لوگوں میں گوشت تقسیم کیا گیا۔ کراچی میں پی آئی ڈی سی دھماکے کے متاثرین میں بھی کراچی کی ایک بڑی سیاسی جماعت کی جانب سے گوشت تقسیم کیا گیا۔