|
ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے سماجی پلیٹ فارم 'ایکس' (سابقہ ٹوئٹر) کی خریداری کے بعد بہت سی تبدیلیاں کیں اور اب وہ ایک اور بڑی تبدیلی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ایلون مسک ایکس پر پوسٹ کرنے کے لیے نئے صارفین سے معمولی فیس وصول کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد بوٹ اکاؤنٹس کے مسئلے سے نمٹنا ہے۔
ایکس پر تبدیلیوں سے متعلق ایک اکاؤنٹ کی پوسٹ پر جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ نئے اکاؤنٹس سے تھوڑی سی فیس وصول کرنا "بوٹس کے حملے" کو روکنے کا "واحد راستہ" ہے۔
ٹیکنالوجی کی خبریں دینے والی ویب سائٹ ٹیک کرنچ کے مطابق ایلون مسک نے CAPTCHA جیسی ٹولز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ اے آئی اور ٹرول فارمز 'آر یو اے بوٹ' یعنی کیا آپ روبوٹ ہیں؟ جیسے تصدیقی مرحلے سے آسانی سے گزر سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں ایک اور صارف کو جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے یہ بھی کہا کہ نئے اکاؤنٹس سے صارفین بغیر فیس کے تین ماہ بعد پوسٹ کرنے کے قابل ہوں گے۔
ایکس کی یہ پالیسی کب لاگو ہو گی اور نئے صارفین کو کیا فیس ادا کرنی پڑے گی اس بارے میں ابھی کچھ کہا نہیں جا سکتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں ایکس نے نیوزی لینڈ اور فلپائن میں نئے ان ویریفائڈ صارفین سے سال کے ایک ڈالر وصول کرنا شروع کیے تھے۔
ان علاقوں میں موجود ایسے نئے صارفین جو مفت میں سائن اپ ہوتے ہیں وہ صرف پوسٹ پڑھ سکتے ہیں۔ ان پوسٹس پر انٹرایکشن نہیں کر سکتے۔ صارفین کو کانٹیںٹ پوسٹ، لائیک، ری پوسٹ، رپلائی، بک مارک اور کوٹ پوسٹس کرنے کے لیے فیس کی ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔
SEE ALSO: زیادہ فالوورز رکھنے والے بعض ایکس صارفین کے مفت میں 'بلیو ٹک' بحالایلون مسک کی جانب سے دیگر خطوں میں بھی اسی طرح کی فیس کو لاگو کیے جانے کا امکان ہے۔
رواں ماہ کے اوائل میں ایکس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پلیٹ فارم سے بڑے پیمانے پر اسپام اکاؤنٹس کا صفایا شروع کیا جا رہا ہے۔
ایکس نے صارفین کو خبردار کیا تھا کہ اس سے ان کے فالوورز کی تعداد متاثر ہو سکتی ہے۔ تاہم نئے صارفین سے فیس کی وصولی کے منصوبے کے ذریعے سوشل میڈیا کمپنی بوٹ کے مسئلے سے بہتر طریقے سے نمٹنا چاہتی ہے۔