انگلش بالرز کی تباہ کن بالنگ، آئرلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ میں شکست

مہمان آئرش ٹیم 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 38 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور نو بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔

انگلینڈ نے واحد ٹیسٹ میچ میں مہمان آئرلینڈ کو 143 رنز سے شکست دے دی۔

لندن کے لارڈز کرکٹ گراونڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انگلینڈ نے جیت کے لیے مہمان ٹیم کو 181 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پوری ٹیم 38 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بظاہر آسان ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور انگلش بولرز کی تباہ کن بولنگ کے سامنے آئرلینڈ کا کوئی بیٹسمین زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹہھر سکا۔

بظاہر آسان ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 38 رنز بناسکی۔

آئرلینڈ کی جانب سے جیمز میکولم 11 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ نو بلے باز ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے اور پوری ٹیم صرف 38 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

انگلینڈ نے آئر لینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں صرف دو بالرز کا استعمال کیا۔ کرس ووکس نے 17 رنز کے عوض 6 اور اسٹارٹ براڈ نے 8 اوورز میں 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلش بالر کرس ووکس وکٹ حاصل کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 85 اور دوسری میں 303 رنز بنائے تھے جب کہ آئرلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 207 رنز بناسکی تھی۔

واحد ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں شاندار 92 رنز کی اننگز کھیلنے پر جیک لیچ کو 'مین آف دی میچ' کے اعزاز سے نوازا گیا۔