فیفا ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے جارحانہ کھیل کے باعث پاناما کا اگلے مرحلے میں جانے کا خواب چکناچور ہو گیا۔ انگلش پلیئرز نے گولز کی بارش کر کے پاناما کو ایونٹ سے باہر کر دیا اور ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی۔
گروپ ’جی‘ کے میچ میں انگلینڈ نے کھیل کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور آٹھویں منٹ میں دفاعی کھلاڑی جان اسٹونز نے کارنز پر ہیڈر کی مدد سے حریف ٹیم کے خلاف پہلا گول کر دیا۔ یہ اسٹونزکا پہلا انٹرنیشنل گول ہے۔
صرف چار منٹ بعد اسٹرائیکر ہیری کین نے پنالٹی کک پر انگلینڈ کی جانب سے دوسرا گول کر دیا۔ ہیری کین 2002ء کے ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کے خلاف ڈیوڈ بیکہم کے بعد پنالٹی پر گول کرنے والے پہلے انگلش فٹبالر ہیں۔
میچ کے دوران پاناما کے کھلاڑیوں نے کئی فاؤل کیے اور اُس کے تین کھلاڑیوں کو یلو کارڈ بھی دکھایا گیا۔
انگلش حملوں کے سامنے پاناما کے دفاعی کھلاڑی بالکل بے بس نظر آ رہے تھے۔ 36 ویں منٹ نے مڈفیلڈر جیسی لنگارڈ نے شاندار گول کر کے ٹیم کی برتری تین گول کر دی۔
انگلش ٹیم کی جانب سے وقفے وقفے سے گول کرنے کا سلسلہ جاری رہا اور جان اسٹونز نے کھیل کے 40 ویں منٹ میں ایک اور گول کر کے اسکور چار۔صفر کر دیا۔
ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب انگلینڈ نے کسی بھی میچ کے پہلے ہی ہاف میں چار گول کیے ہوں۔
انگلش ٹیم کے کپتان ہیری کین نے پہلا ہاف ختم ہونے سے چند لمحے قبل زور دار کک لگا کر پانچواں گول کر دیا۔ یوں پہلا ہاف پانچ۔صفر کے واضح فرق کے ساتھ ختم ہوا۔
انگلش ٹیم نے دوسرے ہاف کا آغاز بھی جارحانہ کھیل کے ساتھ کیا اور 62 ویں منٹ میں ہیری کین نے ایک اور گول کر کے نہ صرف ٹیم کی برتری چھ۔صفر کر دی بلکہ اپنا تیسرا گول کر کے انگلینڈ کے ہیٹ ٹرک کلب میں شامل ہو گئے۔
اس سےقبل جیف ہرسٹ 1966ء اور گیری لائنکر 1986ء کے ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک کر چکے ہیں۔
رواں ورلڈ کپ کے دو میچز میں ہیری کین کا یہ پانچواں گول ہے جو اب تک کسی بھی کھلاڑی کے سب سے زیادہ گول ہیں۔ اس طرح وہ گولڈن بوٹ ریس میں رونالڈو اور لوکاکو سے آگے نکل گئے ہیں۔ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو اور بیلجیم کے رومیلو لوکاکو کے چار، چار گول ہیں۔
پاناما نے ورلڈ کپ مقابلوں میں اپنا پہلا گول کرنے کی بھرپور کوشش کی اور اس مقصد کے لئے کئی متبادل کھلاڑیوں کو بھی آزمایا جبکہ اسٹیڈیم میں موجود پاناما کے مداح بھی اس لمحے کے منتظر تھے کہ اُن کی ٹیم ورلڈ کپ مقابلوں میں اپنا پہلا گول اسکور کرے۔
کھیل کے 78 ویں منٹ میں فیلپ بیلوئے نے گول کر کے مداحوں کی یہ خواہش بالآخر پوری کر دی۔ اس موقع پر پاناما کے شائقین کی خوشی قابل دید تھی۔
انگلش ٹیم نے چھ۔ ایک کی واضح برتری کے ساتھ میچ اپنے نام کر کے ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ اس گروپ سے دوسری ٹیم بیلجیم بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔