ٹوئٹرنے دنیا کئی مشہور کھلاڑیوں، اداکاروں، صحافیوں اور دیگر شخصیات کے اکاؤنٹس پر 'بلیو ٹک'کی بحالی شروع کر دی ہے۔ البتہ ان میں سے اکثر کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس کے حصول کے لیے کمپنی کی نئی پالیسی کے تحت کوئی ادائیگی نہیں کی۔
ٹوئٹر نے اپنی نئی پالیسی کے تحت گزشتہ ہفتے ان ویریفائیڈ اکاؤنٹس کے بلیو ٹک ہٹا دیے تھے جنہوں نے سبسکرپشن فیس ادا نہیں کی تھی۔
اب کئی شخصیات کے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر بلیو ٹک کی واپسی ہو گئی ہے۔ ان میں سے کئی افراد نے بلیو ٹک واپس ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے جب کہ کئی کا کہنا ہے کہ انہوں نے نئی پالیسی کے تحت کوئی رقم ادا نہیں کی لیکن ان کے اکاؤنٹ پر بلیو ٹک واپس آ چکا ہے۔
جن اکاؤنٹس پر بلیو ٹک کی واپسی ہوئی ہے ان میں اکثر کے فالوورز کی تعداد 10 لاکھ یا اس سے زیادہ ہے۔
SEE ALSO: ٹوئٹر کی چڑیا 'کتے' میں کیسے تبدیل ہوگئی؟خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق کئی ایسے افراد جو اب دنیا میں نہیں رہے ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر بھی پھر سے بلیو ٹک آ گیا ہے۔ ان میں ترکیہ میں قتل ہونے والے سعودی صحافی جمال خشوگی، کینیا میں قتل ہونے والے پاکستانی صحافی ارشد شریف سمیت کئی افراد شامل ہیں۔
’اے پی‘ کے مطابق ٹوئٹر کے اوریجنل بلیو-چیک سسٹم کے تحت چار لاکھ ویریفائیڈ اکاؤنٹس ہیں جن میں مشہور اداکار، کھلاڑی، صحافی، انسانی حقوق کے کارکن اور عوامی شخصیات شامل ہیں۔
ٹوئٹر کی سابق پالیسی کے تحت ان افراد کے اکاؤنٹس ویریفائیڈ ہوتے تھے جن کی تصدیق کر لی جاتی تھی کہ جو وہ کہہ رہے ہیں اصل میں وہ وہی ہیں۔ اس طریقۂ کار کا مقصد غلط معلومات کا پھیلاؤ روکنا قرار دیا جاتا تھا۔
SEE ALSO: ٹوئٹر نے صارفین کے 'بلیو ٹک' ہٹانا شروع کردیے، محروم ہونے والوں میں کون کون شامل ہے؟الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی جانب سے گزشتہ برس ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدنے کے بعد کمپنی میں مختلف تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ٹوئٹر پر بلیو ٹک کے حصول کے لیے اب باقاعدہ سبسکرپشن ہو گی اور رقم کی ادائیگی کرنی ہوگی۔
ٹوئٹر نے صارفین کو آگاہ کیا تھا کہ اگر وہ 20 اپریل تک ویریفائیڈ ٹک برقرار رکھنے کے لیے ادائیگی نہیں کریں گے تو انہیں اس سے محروم ہونا پڑے گا اور اسی دن سے بلیو ٹک ہٹانے کا عمل شروع کر دیا گیا تھا۔
گزشتہ ہفتے ایک انٹرویو میں ایلون مسک نے بتایا تھا کہ ایک سال کی محنت کے بعد ٹوئٹر بحیثیت کمپنی خسارے سے نکل کر نفع اور نہ نقصان کے مرحلے تک پہنچ گئی ہے۔
ٹوئٹر کے جن صارفین کے بلیو ٹک کی واپسی ہوئی ہے ان میں برطانیہ میں مقیم پاکستان سے تعلق رکھنے والی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتی کہ ایساکیا ہوا ہے لیکن وہ خوش ہیں کہ ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹک کی واپسی ہو گئی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ازراہ مذاق یہ بھی کہا کہ "تو اب لوگ جانتے ہیں کہ میں ہی ملالہ ہوں۔"
امریکہ میں مقیم بھارت کی مشہور اداکارہ پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ نہیں معلوم یہ کیسے ہوا لیکن ان کے اکاؤنٹ پر بلیو ٹک واپس آ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پھر سے پریانکا ہوں۔
پاکستان کی حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والی حنا پرویز بٹ نے ٹوئٹ کی کہ وہ کافی اچھا محسوس کر رہی ہیں کہ وہ حنا بٹ بن گئی ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں اپنے 25 لاکھ فالوورز کا ذکر بھی کیا۔
بھارتی گلوکار میکا سنگھ نے ٹوئٹر کے مالک کو ایک ٹوئٹ میں ٹیگ کرکے کہا کہ ایلون مسک جی تسی چھا گئے ہو، مزہ آ گیا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے پنجابی میں مزید کہا کہ وہ ایلون مسک کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ان کا بلیو ٹک واپس کر دیا ہے۔ ایلون مسک ایک عظیم اور بہترین انسان ہیں۔
بھارتی گلوکار ارمان ملک نے ٹوئٹ کیا کہ ان کا بلیو ٹک واپس آ گیا ہے لیکن انہوں نے اس کے لیے کوئی ادائیگی نہیں کی۔
بہر حال ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی وجہ سے بلیو ٹک واپس آ گیا ہے تو ان کو اس سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔
برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے کا کہنا تھا کہ ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹک پھر سے نظر آنے لگ گیا ہے اور وہ بھی مفت میں۔
الجزائر سے تعلق رکھنے والے مشہور فٹبالر ریاض کریم محرز نے ایک ٹوئٹ کی کہ "میں نے بلیو ٹک کے لیے کوئی ادائیگی نہیں کی۔"
پاکستانی صحافی معید پیرزادہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کوئی ادائیگی نہیں کی لیکن ان کو مکمل فیچرز کے ساتھ بلیو ٹیک واپس سے دیا گیا ہے۔
معید پیرزادہ نے اپنی پوسٹ میں ایلون مسک کی تعریف بھی کی ہے۔
بلیو ٹک دوبارہ کیسے حاصل کریں؟
اگر آپ ٹوئٹر کے بلیو ٹک سے محروم ہو گئے ہیں تو ماہانہ یا سالانہ سبسکریشن حاصل کر کے اسے دوبارہ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
ویب صارف کو ماہانہ سبسکرپشن کے لیے آٹھ ڈالر اور سالانہ سبسکرپشن کے لیے 84 ڈالر جب کہ ایپ صارف کو 11 ڈالر ماہانہ جب کہ 115 ڈالر سالانہ ادا کرنا ہوں گے۔
یعنی اگر آپ پاکستانی صارف ہیں اور ویب استعمال کرتے ہیں تو آپ کو ٹوئٹر بلیو کے لیے ماہانہ 2250 یا سالانہ 23700 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ ایپ کے لیے یہی رقم 3100 روپے ماہانہ جب کہ 32500 روپے سالانہ ہے۔
اس رپورٹ کے لئے کچھ معلومات ایسو سی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں۔