رسائی کے لنکس

ٹوئٹر نے صارفین کے 'بلیو ٹک' ہٹانا شروع کردیے، محروم ہونے والوں میں کون کون شامل ہے؟


مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر نے ادائیگی نہ کرنے والے تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے اپنا 'لیگیسی بلیو ٹک'ہٹانا شروع کر دیا ہے۔ ایک ہی دن میں کئی نامور شخصیات، کھلاڑیوں، اداروں اور عام افراد کے اکاؤنٹ سے بلیو ٹک ہٹا دیا گیا ہے۔

امریکہ سے لے کر پاکستان تک ہر ملک میں وہ صارفین بلیو ٹک سے محروم ہوئے ہیں جنہوں نے ٹوئٹر کو اس مد میں ادائیگی نہیں کی تھی۔

ٹوئٹر نے بلیو ٹک کی سبسکریشن کے حصول کے لیے ویب براؤزر صارفین کے لیے آٹھ ڈالر ماہانہ مقرر کیا ہے جب کہ اینڈرائڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے یہ رقم 11 ڈالر تک ہے۔

ٹوئٹر نے پہلے ہی صارفین کو آگاہ کر دیا تھا کہ اگر وہ 20 اپریل تک ویریدفائیڈ ٹک برقرار رکھنے کے لیے ادائیگی نہیں کریں گے تو انہیں اس ٹک سے محروم ہونا پڑے گا۔

الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدنے کے بعد ان کی جانب سے ٹوئٹر پر مختلف تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ انہوں نے یہ اعلان کیا تھا کہ ٹوئٹر پر بلیو ٹک کے حصول کے لیے اب رقم کی ادائیگی کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر پر بلیو ٹک کسی اکاؤنٹ کے مصدقہ ہونے میں مدد دیتا تھا اور لوگ بلیو ٹک دیکھ کر اس اکاؤنٹ کے اصل ہونے پر یقین کرتے تھے۔ مگر اب ٹوئٹر پر اس عمل میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق ٹوئٹر پر بلیو چیک سسٹم کے تحت تین لاکھ تصدیق شدہ صارف تھے۔

بلیو ٹک کے حصول کے لیے صارفین کو تصدیقی عمل سے گزرنا پڑتا تھا اور انتظار کرنا پڑتا تھا جب کہ کئی مرتبہ صارفین کی درخواست مسترد بھی ہوجاتی تھی۔مگر اب آپ رقم کی ادائیگی کے بعد بلیو ٹک حاصل کرسکتے ہیں۔

بلیو ٹک سے محروم ہونے والوں میں نامور شخصیات شامل

ٹوئٹر کی جانب سے جمعرات کو جن صارفین کے اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ہٹایا ان میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی بزنس وومن کم کارڈیشین، امریکی گلوکارہ سیلینا گومز، بیونسے، امریکی ٹی وی ہوسٹ اوپرا ونفرے، ارب پتی شخص اور مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس، بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابتھ بچن، شاہ رخ خان، اکشے کمار اور دیگر شامل ہیں۔

پاکستان کے سابق وزرائے اعظم عمران خان، نواز شریف اور وزیرِخارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی بلیو ٹک سے محروم ہونے والوں میں شامل ہیں۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیرِاعلیٰ یوگی ادیا ناتھ، کانگریس کے رہنما راہل گاندھی بھی بلیو ٹک سے محروم ہوگئے ہیں۔

اسی طرح بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما، وراٹ کوہلی، سچن ٹنڈولکر، پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان اور دیگر بھی بلیو ٹک کھو بیٹھے ہیں۔

ٹوئٹر نے کئی اداروں کے اکاؤنٹس سے بھی تصدیقی نشان ہٹایا ہے جس میں ہیومن رائٹس واچ، حکومتِ پاکستان کا اکاؤنٹ اور پاکستان فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کا اکاؤنٹ بھی شامل ہے۔

ٹوئٹر پر اب جو صارفین رقم کی ادائیگی کے بعد بلیو ٹک حاصل کر رہے ہیں ان کے اس چیک مارک پر یہ پیغام لکھا آ رہا ہے کہ یہ اکاؤنٹ تصدیق شدہ ہے کیوں کہ یہ ٹوئٹر بلیو سبسکرائبر ہیں اور ان کا فون نمبر تصدیق شدہ ہے۔

فون نمبر تصدیق شدہ ہونے سے مراد یہ ہے کہ کسی شخص کے پاس کوئی فون نمبر ہے جس تک اس کی رسائی ہے تو اس کی تصدیق کی گئی ہے۔ اس میں شخص کی شناخت کی تصدیق نہیں کی گئی۔

سوشل میڈیا کی نگرانی کے لیے سافٹ ویئر بنانے والے ایک مبصر ٹراوس براؤن کہتے ہیں کہ ایسا لگتا ہے کہ جمعرات تک پانچ فی صد سے بھی کم تصدیق شدہ اکاؤنٹس نے ٹوئٹر بلیو کے لیے ادائیگی کی ہے۔

'چائے بسکٹس مت دیں لیکن بلیو ٹک واپس لے لیں'

ٹوئٹر اکاؤنٹس سے بلیو ٹک ہٹانے کے آغاز کے بعد سے ٹوئٹر پر ہی BlueTick# ٹرینڈ کر رہا ہے اور لوگ اس میں اپنے پسندیدہ شخص کے اکاؤنٹس کے بلیو ٹک سے محروم ہونے کی تصاویر اور میمز شیئر کر رہے ہیں۔

بلیو ٹک رکھنے والی کراتیکا نامی صارف نے لکھا کہ "میرے اکاؤنٹ پر بلیو ٹک ہے جب کہ مشہور بالی وڈ ادا کار شارخ خان کے پاس نہیں۔"

ڈاکٹر نیمو یادو کے اکاؤنٹس سے اکشے کمار کے اکاؤنٹ کی تصویر شیئر کی گئی جس پر لکھا گیا کہ ٹوئٹر نے اکشے کمار سے بلیو ٹک چھین لیا۔

کنگ بابر اعظم آرمی کے ویریفائیڈ اکاؤنٹ سے پوسٹ کیا گیا کہ ٹوئٹر کتنی مضحکہ خیز جگہ ہے جہاں فین پیج پر بلیو ٹک ہے جب کہ بابر اعظم کے اصلی اکاؤنٹ پر نہیں۔

حمزہ نامی ایک ویریفائیڈ صارف نے لکھا کہ عمران خان نے بلیو ٹک کے لیے آٹھ ڈالر دینا روک دیے، مرشد ہمیں چائے کے ساتھ بسکٹس مت دینا لیکن ان پیسوں کا بلیو ٹک واپس لے لیں۔

بلیو ٹک دوبارہ کیسے حاصل کریں؟

اگر آپ ٹوئٹر کے بلیو ٹک سے محروم ہو گئے ہیں تو ماہانہ یا سالانہ سبسکریشن حاصل کر کے اسے دوبارہ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ویب صارف کو ماہانہ سبسکرپشن کے لیے آٹھ اور سالانہ سبسکرپشن کے لیے 84 ڈالر جب کہ ایپ صارف کو 11 ڈالر ماہانہ جب کہ 115 ڈالر سالانہ ادا کرنے ہوں گے۔

یعنی اگر آپ پاکستانی صارف ہیں اور ویب استعمال کرتے ہیں تو آج کے حساب سے آپ کو ٹوئٹر بلیو کے لیے ماہانہ 2250 یا سالانہ 23700 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ ایپ کے لیے یہی رقم 3100 روپے ماہانہ جب کہ 32500 روپے سالانہ ہے۔

اس خبر میں بعض معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG