انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کی ایک پر ہجوم جیل میں بڑے پیمانے پر آگ لگنے سے کم ازکم 41 قیدی ہلاک اور 80 کے لگ بھگ جھلس گئے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں دو غیر ملکی بھی شامل ہیں جو منشیات کے جرائم میں سزا کاٹ رہے تھے۔
جکارتہ کے مضافات میں قائم تانگرانگ جیل کے احاطے سے بدھ کی صبح کالے دھوئیں کے بادل اٹھ رہے تھے اور فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے اور اسے پھیلنے سے روکنے کی کوششوں میں مصروف تھے۔
آگ پر قابو پائے جانے کے بعد مرنے والوں کی لاشیں ریڈکراس کی ایمبولینسز پر قریبی اسپتال کے مردہ خانے میں جاتے ہوئے دیکھی گئیں، جہاں انہیں ایک کمرے کے فرش پر قطار میں رکھ دیا گیا، تاکہ انہیں شناخت کے لیے کسی بڑے مقام پر منتقل کیاجا سکے۔
قیدیوں کے رشتے داروں کا دن بھرجیل کے گرد جمگھٹا لگا رہا۔ وہ یہ جاننا چاہتے تھے کہ آیا ان کے پیارے کہیں مرنے والوں میں تو شامل نہیں ہیں۔
SEE ALSO: وینزویلا: جیل میں ہنگامہ آرائی اور آتش زدگی، 68 افراد ہلاکہلاک ہونے والے 41 افراد میں زیادہ تر وہ قیدی تھے جو منشیات کے جرائم میں سزا کاٹ رہے تھے۔ ان میں ایک افریقی اور ایک پرتگالی قیدی بھی شامل تھا، جب کہ ہلاک ہونے والے کچھ قیدیوں کو دہشت گردی اور قتل کے الزامات پر بھی سزائیں ہوئی تھیں۔
انڈونیشیا کے قانون اور انسانی حقوق کے وزیر یاسونا لاؤلے نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں قیدیوں کی ہلاکتوں پر گہرا رنج ہوا ہے اور وہ ان کے خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔
آگ جیل کے بلاک سی ٹو میں لگی۔ اس حصے میں 19 سیل ہیں جن میں 40 قیدیوں کی گنجائش ہے، مگر وہاں بہت زیادہ قیدی رکھے گئے تھے۔ جکارتہ پولیس کے سربراہ عدیل عمران نے بتایا کہ آگ بھڑکنے کے بعد جیل کے گرد پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی تھی، تاکہ کوئی قیدی موقع کا فائدہ اٹھا کر فرار نہ ہو جائے۔
آگ لگنےکی وجہ بظاہر بجلی کا شارٹ سرکٹ ہونا بتائی گئی ہے۔
انڈونیشیا میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم چلائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے جیلوں میں نصف سے زیادہ قیدی وہ ہیں جن پر منشیات سے منسلک جرائم کے الزامات ہیں۔
جولائی میں جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق، انڈونیشیا کی تمام جیلوں میں قیدیوں کی کل تعداد 268610 ہے، جب کہ جیلوں میں گنجائش محض 132107 قیدیوں کی ہے۔
41 ہلاکتوں کے علاوہ تانگرانگ جیل کے 7 شدید زخمی قیدیوں کو علاج کے لیے ایک مقامی اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے، جب کہ مزید 8 قیدیوں کا جیل کے شفاخانے میں علاج کیا جا رہا ہے۔
جیل حکام نے بتایا ہے کہ زیادہ تر قیدی آگ کی لپیٹ میں اس وقت آئے جب وہ اپنی کوٹھڑیوں میں بند تھے اور ان کے پاس اتنا وقت نہیں تھا کہ وہ بھاگ کر اپنی جان بچا سکیں۔
(اس خبر کا کچھ مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے)