مصر: صحرائے سینا میں حملے، پانچ سکیورٹی اہلکار ہلاک

فائل

سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے پیشِ نظر فوج نے گزشتہ ماہ سینا کے علاقے میں تین ماہ کےلیے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا تھا

مصر کے شدت پسندی کا شکار علاقے شمالی سِینا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ پولیس اور فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق پہلا حملہ ایک ٹیکسی میں سفر کرنے والے فوجی اہلکاروں پر کیا گیا جو چھٹی پر گھر جارہے تھے۔

حملہ آوروں نے شیخ زوید کے علاقے میں ٹیکسی پر گھات لگا کر فائرنگ کردی جس سے تین اہلکار ہلاک ہوگئے۔

دوسرا حملہ فلسطینی علاقے غزہ سے متصل علاقے رفحہ میں ہوا جہاں حملہ آوروں نے ایک گاڑی کو روکنے کے بعد اس میں سوار دو پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

خیال رہے کہ مصر میں صدر محمد مرسی کی اسلام پسند حکومت کے خلاف گزشتہ سال ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد سے سینا کے علاقے میں شدت پسندوں کے حملے عروج پر ہیں جن میں اب تک سیکڑوں پولیس اور فوجی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے پیشِ نظر فوج نے گزشتہ ماہ سینا کے علاقے میں تین ماہ کےلیے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا تھا جو تاحال موثر ہے۔

لیکن اس اقدام کے باوجود علاقے میں سکیورٹی اہلکاروں اور سرکاری تنصیبات پر شدت پسندوں کے حملے جاری ہیں۔

گزشتہ ماہ شدت پسندوں نے ایک ہی روز میں دو مختلف مقامات پر حملے کرکے 33 سکیورٹی اہلکاروں کو قتل کردیا تھا جو مصر میں حالیہ برسوں میں دہشت گردی کی سب سے بڑی واردات تھی۔