میکسیکو کے سابق وزیر دفاع جنرل سیلواڈور سِینفیوگوس کو منشیات اور منی لانڈرنگ کے الزامات پر جمعرات کی شب، لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جنرل سِینفیوگوس نے، سابق صدر اینریکو پینا نیٹو کے دور میں میکسیکو کی مسلح افواج کی قیادت کی تھی۔ انہیں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ہوائی اڈے پر حراست میں لیا گیا، تاہم بعد میں ان کے خاندان کے افراد کو چھوڑ دیا گیا تھا۔
میکسیکو کے سابق وزیر دفاع کو مبینہ طور پر امریکہ کے ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے جاری کردہ وارنٹ پر حراست میں لیا گیا۔
جمعرات کی شب دیر گئے، میکسیکو کے وزیر خارجہ نے ایک ٹوئٹر پیغام کے ذریعے، جنرل سِینفیوگوس کی گرفتاری کی تصدیق کی۔
اخبار وال سٹریٹ جنرل کے مطابق، میکسیکو کے صدر آندریس مینوئل لوپیز ایبراڈور نے کہا ہے کہ امریکی حکام کی جانب سے سابق وزیر دفاع کی گرفتاری سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کرپشن میکسیکو کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔
یو ایس ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن نے ان حالات کے بارے میں اعلانیہ کوئی بات نہیں کی جن کے تحت جنرل سِینفیوگوس کو گرفتار کیا گیا ہے۔