شہزادی کیتھرین شاہی روایت کے مطابق بچے کے لیے کسی آیا کا انتظام نہیں کرنا چاہتیں بلکہ ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد اپنی والدہ کے گھر قیام کریں گی۔
شہزادی کیتھرین میڈیلٹن نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ننھے شاہی مہمان کی ابتدائی دیکھ بھال خود اپنے ہاتھوں سے کریں گی جس کے لیے انھیں ان کی والدہ کی مدد درکار ہو گی۔ اسی لیے وہ بچے کی ولادت کے بعد اپنی والدہ کے گھر منتقل ہو جائیں گی۔
برطانوی روزنامہ ایکسپریس کی خبر کے مطابق شہزادی کیٹ نے اپنی ایک سہیلی کو بتایا ہے کہ وہ شاہی روایت کے مطابق بچے کے لیے کسی آیا کا انتظام نہیں کرنا چاہتی ہیں بلکہ ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد اپنی والدہ کے گھر چھ ہفتے قیام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
شہزادی کیتھرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنی والدہ کے گھر پر خود کو زیادہ محفوظ اور مطمئن محسوس کریں گی کیونکہ ان کی والدہ نے خود تین بچوں کی پرورش کی ہے۔ لہذا وہ شہزادی کیتھرین کو عمدہ طریقے سے بچے کی دیکھ بھال کرنا سکھا سکتی ہیں۔
شہزادی کیٹ کے فیصلے سے ایک بات واضح ہو گئی ہے کہ مستقبل میں شاہی تاج پہنے والا ننھا شاہی مہمان سب سے پہلے محل میں قدم نہیں رکھے گا بلکہ ایک عام بچے کی طرح اس کا استقبال اس کے ننھیال والے کریں گے۔
31 سالہ شہزادی کیٹ اور شہزادہ ولیم ان دنوں اپنے نئے گھر کی تعمیر مکمل ہونے کا انتطارکر رہے ہیں۔ شہزادی کیٹ کنگسٹن پیلس(لندن) میں تعمیر ہونے والے اپارٹمنٹ کی تزئین و آرائش کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی خواہاں ہیں۔ شہزادی کیٹ چاہتی ہیں کہ اپنے بچے کی ولادت سے قبل ہی وہ ساری تیاریاں مکمل کر لیں۔ لیکن ان کے 57 کمروں پر مشتمل اپارٹمنٹ کی تعمیر کا کام طوالت اختیار کر گیا ہے جو کہ اب رواں برس کے ستمبر یا اکتوبر میں ہی مکمل ہو سکے گا۔
ادھر شہزادی کیٹ کی والدہ کارل بھی اپنی بیٹی کے اس فیصلے سے بہت خوش ہیں انھوں نے حال ہی میں ایک مینشن خریدا ہے جہاں وہ ننھے شاہی مہمان کو خوش آمدید کہنے کے لیے ایک نرسری تیار کر رہے ہیں۔ جبکہ شہزادی اپنی والدہ اور بہن پیپا کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کے خیال سے بہت پرجوش ہیں اور چاہتی ہیں کہ وہ اپنے نئے گھر کی تعمیر مکمل ہونے تک یہیں قیام کریں۔
شہزادی میڈیلٹن کا نام اسی ہفتے مشہور امریکی رسالے ٹائم کی دنیا کی سو سب سے زیادہ با اثر ہستیوں میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ دو سال کے مختصر عرصے میں شاہی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھانے میں کامیاب ہو ئی ہیں۔ ایک مڈل کلاس گھرانے سے تعلق رکھنے والی شہزادی کیتھرین نے برطانیہ کی فیشن انڈسٹری کو باوقار اور سادہ ملبوسات کے ذوق سے آشنا کرایا ہے وہ برطانیہ کی نئی نسل کے لیے ایک ’فیشن آئیکون‘ کا درجہ رکھتی ہیں۔
شہزادی کیتھرین جو اس وقت چھ ماہ کی حاملہ ہیں، ان کے گھر بچے کی ولادت جولائی کے مہینے میں متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ ولیم کی ولادت سینٹ میری ہسپتال پیڈنگٹن میں ہوئی تھی لہذا خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ شہزادی کیٹ اور شہزادہ ولیم کی پہلی اولاد بھی اسی ہسپتال میں پیدا ہوگی۔