نئے سال کا استقبال گھر پر بیٹھ کر کریں گے: 10 میں سے 8 امریکیوں کا عزم

نیو یارک شہر میں نئے سال کا جشن۔ فائل فوٹو

  • دنیا بھر کی طرح امریکیوں کا سال نو کے موقع پر گھر پر جشن منانا ایک غیر معمولی بات ہے۔
  • کیونکہ نیویارک کے ٹائمز سکوائرکی رونقیں کم پڑ جائیں اور نئے سال کی جگمگاتی بال کو گرتا دیکھنے والوں میں کمی ہو تو اچنبھے کی بات تو ہے۔
  • لیکن رائے عامہ کے ایک سروے میں بالغ امریکیوں کی اکثریت نے کہا کہ وہ نئے سال کا جشن گھر پر منائیں گے ۔
  • 30 سال کی عمر کے لوگوں میں دس میں سے ایک کا کہنا تھا کہ وہ نئے سال کا استقبال گھر سے باہر کسی خاص مقام پر کریں گے۔
  • 60 سال کی عمر کے لوگوں میں ہر دس میں سے تین کا کہنا تھا کہ وہ 2025 کا کوئی جشن نہیں منائیں گے۔

نئے سال کی آمد ہے اور اس کے بارے میں طرح طرح کے اندازے بھی لگائے جا رہے ہیں۔ یہیں ایک سادہ سا سوال بھی پوچھا گیا کہ آپ نئے سال کا استقبال گھر سے باہر کسی کیفے، کسی تقریب یا کسی اجتماع میں کریں گے یا گھر پر ہی بیٹھے رہیں گے؟

امریکیوں سے جب یہ سوال کیا گیا تو ان کی اکثریت کا کہنا تھا کہ وہ گھر پر ہی رہیں گے۔

دنیا بھر کی طرح امریکیوں کا گھر پر جشن منانا ایک غیر معمولی بات ہے۔ کیونکہ نیویارک کے ٹائمز سکوائر کی رونقیں کم پڑ جائیں اور نئے سال کی جگمگاتی بال کو گرتا دیکھنے والوں میں کمی ہو تو اچنبھے کی بات تو ہے۔

تفصیل اس کی کچھ یوں ہے کہ ایسوسی ایٹڈ پریس اور نورک سینٹر فار پبلک افئیرز نے یہ سوال رائے عامہ کے ایک جائزے میں بالغ امریکیوں سے کیا اوردس میں سے صرف دو لوگوں نے کہا کہ وہ اپنے کسی دوست یا عزیز رشتے دار کے گھر پر نیا سال منائیں گے۔ جبکہ صرف 5% کا کہنا تھا کہ وہ گھر سے باہر کسی بار، ریستوران یا کسی باقاعدہ ایونٹ میں شریک ہو کر نئے سال کا جشن منائیں گے۔

الیکٹرونک لائٹ شو کے ذریعے 2024 کا استقبال کیا گیا۔

اس بات پر حیرت اس لیے ہے کہ سال کایہ موقع جب ایک سال رخصت ہو رہا ہو اور نصف شب نئے سال کی آمد ہو تو یہاں امریکہ میں کیا دنیا بھر میں لوگ اس کا مشاہدہ کرنا چاہتے ہیں اس لمحے کو محسوس کرنا چاہتے ہیں۔

دنیا بھر میں اس سلسلے میں تقریبات منعقد ہوتی ہیں اور لاکھوں لوگ ان میں شریک ہوتے ہیں۔ لیکن کچھ لوگ سروے میں شریک کارلا ووڈز جیسے بھی ہیں۔ وہ امریکی ریاست آئیووا کے شہر ونٹن میں رہتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے، کچھ برسوں سے مجھے لگتا ہے میری اب عمر زیادہ ہوگئی۔ اب اگر آدھی رات تک نہ جاگ سکوں تو بھی کیا فرق پڑتا ہے۔

بہت سے بالغ امریکیوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ نئے سال کا جشن اپنے دل میں کم از کم کوئی ایک عہد یا کوئی تمنا کرکے منائیں گے جسے وہ 2025 میں مکمل کرنا چاہیں گے۔

SEE ALSO: نئے سال میں بھی ریکارڈ توڑ گرمی کی شدت برقرار رہنے کا خدشہ

ایسا نہیں کہ نئے سال کے لیے کوئی خوش امیدی نہیں پائی جاتی مگر پھر بھی نصف سے زیادہ تعداد ایسے لوگوں کی تھی جنہیں نئے سال سے کوئی مثبت امیدیں نہیں ہیں۔دس مین سے چار لوگوں نے کہا کہ 2025 ان کی ذات کے لیے بہتر ہوگا۔ ایک تہائی کو نئے سال سے کوئی فرق نہیں پڑنے والا اور سروے میں شریک ایک تہائی امریکیوں کا کہنا تھا کہ 2025 ان کے لیے 2024 سے بھی بد تر ہوگا۔

نئے سال کی آمد کے جشن سے عمر کا تعلق؟

ایسوسی ایٹڈ پریس اور نورک کے اس سروے میں نوجوانوں کا ردِ عمل توقع کے مطابق تھا۔ 30 سال کی عمر کے لوگوں میں دس میں سے ایک کا کہنا تھا کہ وہ نئے سال کا استقبال گھر سے باہر کسی خاص مقام پر کریں گے۔ جبکہ 60 سال کی عمر کے لوگوں میں ہر دس میں سے تین کا کہنا تھا کہ وہ 2025 کا کوئی جشن نہیں منائیں گے۔

لیکن یہیں کارلا ووڈز جیسے لوگ بھی ہیں۔ ووڈز نئے سال کے دن اور رخصت ہوتے سال کی آخری رات کے عرصے میں آئیووا وارم لائن پر فون کے ذریعے ان لوگوں کی مدد کر رہی ہوتی ہیں جو نفسیاتی یا ذہنی مسائل کا شکار ہیں۔ وہ کہتی ہیں کسی بھی چھٹی کے دن ایسے لوگوں کی مدد کرنا ان کی سب سے بڑی خوشی ہے۔

SEE ALSO:  روم میں 2025 کے مقدس سال کا افتتاح

نئے سال کے لیے نئے عزائم

ہر سال لوگ ایک دوسرے سے یا خود اپنے آپ سے ایک سوال ضرور کرتے ہیں کہ نئے سال میں کیا کرنے کا ارادہ ہے۔ کیا نیا گول ہے، نئی خواہش ہے جسے آپ پورا کرنا چاہیں گے۔

اس سال بھی جواب میں امریکہ کے بالغ افراد کی اکثریت کا کہنا تھا کہ وہ کوئی نہ کوئی عزم کرنا چاہتے ہیں اور ان میں بھی 1980 کی دہائی سے 2000کے اوائل میں پیدا ہونے والے ملینئیلز اور 1997 سے 2012 کے درمیان پیدا ہونے والے Gen Z پیش پیش رہے۔ اور بڑی عمر کے بالغوں کی نصف تعداد کے مقابلے میں، ان میں سے دو تہائی کو توقع ہے کہ وہ نئے سال کے لئے کوئی عزم ضرور کریں گے اور اسے پورا کریں گے۔ ان میں بھی مردوں کے مقابلے میں خواتین 2025کے لیے ضرور کوئی گول سیٹ کرنا چاہتی ہیں۔

لیکن باعزم مردوں کی بھی کمی نہیں۔ ٹریمبلے کو توقع ہے کہ وہ اپنا وزن کم کرسکیں گے، اپنی صحت کا زیادہ خیال رکھیں گے جی بھر کر سوئیں گے اور یوگا کریں گے۔ وہ کہتے ہیں، ذہنی صحت کے لیے یہ سال اچھا ہوگا۔

SEE ALSO: قمری سال کے جشن کی دلچسپ روایات: ’شور مچاؤ ورنہ دیو آجائے گا‘

بہت سے لوگ ان سے اتفاق کرتے ہیں اور 10میں سے 3 بالغ لوگوں کا کہنا ہے کہ بہتر ہے ورزش کرنے اور صحت کے لیے مفید غذا کھانے کا عہد کر لیا جائے۔

شکاگو کی کرشا 32 سال کی ہیں وہ ایک بار ٹینڈر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وزن کم کرنے اور بہتر صحت کا عزم سب سے بہتر ہے۔ لیکن ذہنی صحت بہتر بنانا ایک نئی بات ہوگی۔ مگر پھر اس کا تعلق بھی تو عام صحت سے ہے۔

عام طور پر کرشا نئے سال کی آمد پر گھر میں رہ کر سنیکس کھاتی اور کوئی فلم دیکھتی ہیں لیکن اس مرتبہ وہ کہتی ہیں 2025 کا استقبال وہ شکاگو کے رگلی فیلڈ میں آئس ہاکی کا میچ دیکھتے ہوئے کریں گی جو ان کا سب سے پسندیدہ کھیل ہے۔

(اس خبر میں معلومات اے پی سے لی گئی ہیں)