دنیا کے مشہور ترین سرچ انجن گوگل کے حال ہی میں متعارف کردہ چیٹ بوٹ سے ہونے والی غلطی کی وجہ سے بدھ کو کمپنی کو 100 ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق گوگل نے بدھ کو مصنوعی ذہانت سے چلنے والے اپنے چیٹ بوٹ 'بارڈ' کی تعارفی ویڈیو جاری کی ۔ اس ویڈیو میں لوگوں کی جانب سے نشان دہی کی گئی کہ چیٹ بوٹ ’بارڈ‘ نے یہ معلومات درست فراہم نہیں کیں کہ نظامِ شمسی سے باہر کسی سیارے کی سب سے پہلے کس سیٹیلائٹ یا دور بین کے ذریعے تصویر لی گئی تھی۔
بارڈ کی اس غلطی کے بعد 'رائٹرز' کے مطابق گوگل کے شیئرز میں بدھ کو ریگولر ٹریڈنگ میں نو فی صد تک کمی آئی۔ یہ کمی گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں آنے والی مجموعی کمی سے بھی زیادہ بتائی جا رہی ہے۔ یوں گوگل کی پیرنٹ کمپنی 'الفا بیٹ کارپوریشن' کو ایک خطیر نقصان ہوا ہے۔
گوگل کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص 'بارڈ' میں ٹائپ کرتا ہے کہ خلائی دوربین جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ سے کیا نیا دریافت کیا گیا ہے جس سے وہ اپنے نو سالہ بچے کو آگاہ کر سکے؟
اس کے جواب میں 'بارڈ‘'کا جواب ٹائپ شدہ نظر آتا ہے جس میں کئی تفصیلات موجود ہیں۔ساتھ ہی ایک جواب یہ بھی ہے کہ جیمز ویب ٹیلی اسکوپ کے ذریعے سب سے پہلے نظامِ شمسی سے باہر کسی سیارے کی تصویر لی گئی تھی۔
SEE ALSO: کیا' چیٹ جی پی ٹی' اور انسانوں کی لکھی تحریروں میں فرق کیا جاسکے گا؟جب کہ یہ درست معلومات نہیں ہیں کیوں کہ یورپین سدرن آبزرویٹری کے ویری لارج ٹیلی اسکوپ (وی ایل ٹی) کے ذریعے 2004 میں سب سے پہلے نظامِ شمسی سے باہر کسی سیارے کی تصویر لی گئی تھی۔ اس کی تصدیق امریکہ کی خلائی ایجنسی 'ناسا' نے بھی کی تھی۔
'رائٹرز' کے مطابق جب بارڈ کی غلطی سے متعلق گوگل کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ٹول کی ٹیسٹنگ میں انتہائی سخت جانچ کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے 'بارڈ' کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گوگل ایسا ہی کچھ اپنے ٹرسٹڈ ٹیسٹر پروگرام کے ذریعے شروع کر رہا ہے۔اس کے ٹیسٹر پروگرام اور باہر سے ملنے والے فیڈ بیک کی بنیاد پر 'بارڈ' کے ذریعے معلومات کے حصول اور معیار کو بہتر کرنا ممکن ہے۔
گوگل نے دنیا میں تیزی سے مقبول ہونے والے اوپن اے آئی کے چیٹ بوٹ 'چیٹ جی پی ٹی' کے مقابلے کے لیے پیر کو 'بارڈ' متعارف کرایا تھا۔ماہرین کے مطابق انٹرنیٹ پر معلومات کی تلاش کے لیے گوگل کو حالیہ تاریخ میں پہلی مرتبہ مسابقت کا سامنا ہے۔
چیٹ جی پی ٹی مصنوعی ذہانت سے چلنے والا ایک پروگرام ہے جس کی مدد سے کسی بھی معاملے پر مفصل جواب حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
بعض مبصرین یہ اندیشہ ظاہر کرنے لگے ہیں کہ گوگل کو مصنوعی ذہانت سے چلنے والے چیٹ بوٹ میں مائیکروسافٹ کے مقابلے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اوپن اے آئی کو چیٹ 'جی پی ٹی' کے لیے مائیکروسافٹ کی مالی معاونت حاصل رہی ہے جسے نومبر 2022 میں لانچ ہونے کے فوری بعد دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے۔ مائیکرو سافٹ کو امید ہے کہ اوپن اے آئی کی تخلیق کردہ یہ ٹیکنالوجی انٹرنیٹ کے استعمال کے نئے طریقے کے فروغ میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔
اس چیٹ بوٹ سے مکالمے اور سوالات کے ذریعے انٹرنیٹ پر موضوعات کی تلاش کی جا سکتی ہے۔ یہ چیٹ بوٹ صارفین کے سوالات کے مطابق نہ صرف جواب دیتا ہے بلکہ اسے جس لکھاری کی طرزِ تحریر کا کہا جاتا ہے تو وہ اسی طرزِ تحریر میں جواب لکھتا ہے۔