پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول جوڑی صنم سعید اور فواد خان دس برس بعد ایک مرتبہ پھر ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھانے والے ہیں۔
فواد اور صنم کو ان کے ڈرامے 'زندگی گلزار ہے' میں بے حد پسند کیا گیا تھا اور دونوں کے مداح انہیں دوبارہ ایک ساتھ دیکھنے کے منتظر تھے۔
اب اداکار جوڑی بھارتی ٹیلی ویژن 'زی زندگی' کی سیریز 'برزخ' میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گے جس کی ہدایات عاصم عباسی نے دی ہیں۔
اس ویب سیریز کو وقاص حسن حسان اور شائلجہ کیجروال نے پروڈیوس کیا ہے۔
سیریز کی ریلیز کی تاریخ تا حال سامنے نہیں آئی ہے البتہ اسے فرانس میں 17 سے 24 مارچ تک منعقد ہونے والے 'سیریز مینیا فیسٹیول' میں پیش کیا جائے گا۔
امریکی جریدے 'ورائٹی' کے مطابق 'برزخ' کو بہترین سیریز، بہترین ہدایت کار، بہترین اداکار اور اداکارہ جیسے ایوارڈز کے لیے نامزد بھی کر لیا گیا ہے۔
'برزخ' 'سیریز مینیا فیسٹیول' کے لیے منتخب ہونے والی واحد جنوبی ایشیائی سیریز ہے۔
'برزخ' کی کہانی کیا ہے؟
'ورائٹی' کے مطابق سیریز کی کہانی ایک عمر رسیدہ شخص کے خاندان کے گرد گھومتی ہے جسے محبت کی تلاش ہے۔ اس سیریز میں باپ اور بیٹے کے درمیان نسل در نسل چلے آنے والے ٹراما کے بارے میں بھی بیان کیا گیا ہے۔
سیریز کی عکس بندی پاکستان کے مقبول سیاحتی مقام ہنزہ اور اور کراچی شہر میں کی گئی ہے۔
ہدایت کار عاصم عباسی نے 'ورائٹی' کو بتایا کہ 'برزخ' ان کی ذات سے بے حد قریب ہے، ان کے بقول "اپنے والد کے انتقال کے بعد میں نے اپنے بیٹے کو پروان چڑھتے دیکھا جس کے بعد میرے ذہن میں پرانی یادیں آئیں کہ گزرتے وقت کے ساتھ یادیں اور محبتیں کہیں کھو گئیں۔"
شائلجہ کیجروال کے مطابق ' برزخ 'کی کہانی کرونا کے وقتوں کا نتیجہ ہے جب وہ اور عاصم زندگی، محبت، موت اور اپنوں کو کھو دینے سے متعلق بات کیا کرتے تھے۔
اُن کے بقول، "کرونا وبا کے دور میں کوئی کسی سے مل نہیں سکتا تھا اور لوگ شادی و میت میں آن لائن شریک ہو رہے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ ہمیں ایک ایسے شو کو بنانے کا خیال آیا جو دراصل ایک خاندان کا ملاپ تھا۔"
'برزخ' کے ہدایت کار اور پروڈیوسر اس کے انٹرنیشنل فیسٹیول میں منتخب ہونے پر بے حد خوش ہیں۔ عاصم عباسی نے کہا کہ اس فیسٹیول کا حصہ بننے سے انہیں اور ان کی ٹیم کو ہمت اور حوصلہ افزائی ملی کہ روایتی کہانیوں سے ہٹ کر سوچنا ٹھیک ہے۔