ٹیکنالوجی کمپنی 'گوگل' کو فرانس کے ہوٹلوں کی درجہ بندی درست نہ دکھانے پر جرمانہ ہو گیا ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق گوگل نے فرانس کے سرکاری ادارے کی جانب سے عائد کردہ 11 لاکھ یوروز (لگ بھگ 13 لاکھ ڈالرز) جرمانہ ادا کرنے کی حامی بھی بھر لی ہے۔
یہ جرمانہ فرانس میں حکام کی جانب سے گوگل کے سرچ انجن پر ہوٹلوں کی درجہ بندی درست نہ دکھانے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد عائد کیا گیا ہے۔
گوگل نے فرانس میں ہوٹلوں کی درجہ بندی کے لیے مقامی ایجنسی 'اتو' سمیت ہوٹلوں کی صنعت سے متعلق دیگر ویب سائٹس سے لیے گئے اعداد و شمار کی بنیاد پر اپنا الگورتھم ترتیب دیا تھا۔ یہ الگورتھم گوگل سرچ میں ون سے فائیو اسٹار ہوٹلوں کو گوگل کی اپنی تیار کی گئی درجہ بندی کے مطابق دکھاتا تھا۔
Your browser doesn’t support HTML5
مختلف ہوٹلوں کی انتظامیہ اور مالکان کی جانب سے گوگل کی درجہ بندی سے متعلق شکایات پر فرانس کی بدعنوانی اور مسابقت کی ایجنسی نے 2019 اور 2020 میں اس بارے میں تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
ایجنسی کے مطابق تحقیقات کے دوران فرانس کے ساڑھے سات ہزار ہوٹلوں سے متعلق گوگل کی فراہم کی جانے والی معلومات کی حقیقت اور صداقت کی جانچ پڑتال کی گئی۔
دوسری جانب گوگل نے کہا ہے کہ اس نے اپنے الگورتھم میں بنیادی تبدیلیاں کر دی ہیں جس کے بعد اب فرانس میں ہوٹلوں کو سرکاری طور پر جاری کی گئی اسٹار ریٹنگ کو ہی گوگل میپس یا سرچ میں دکھایا جائے گا۔