رسائی کے لنکس

بھارت: راشن کی دکانیں گوگل پر ٹاپ سرچ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

کرونا کی وبا کے پیشِ نظر جاری لاک ڈاؤن میں گھروں میں قید بھارتی عوام زیادہ تر وقت آن لائن مصروفیات میں گزار رہے ہیں۔ وہ دنیا کے سب بڑے سرچ انجن گوگل پر کیا تلاش کرتے ہیں؟ اس حوالے سے گوگل نے کچھ دلچسپ رجحانات کی ایک فہرست جاری ہے۔

اس فہرست میں پانچ ٹاپ سرچز کی نشان دہی کی گئی ہے جن میں سرفہرست راشن کی دکانیں، گدّوں کی تلاش، فلمیں اور 'گھر بیٹھے سبزیاں کیسے منگائیں' شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بھارت میں بیشتر لوگوں نے جو کچھ تلاش کیا وہ حیرت انگیز اور ناقابل یقین تو نہیں ہے لیکن دلچسپ ضرور ہے۔ یہ سرچ ہسٹری اس بات کی نشان دہی ضرور کرتی ہے کہ لاک ڈاؤن کے بعد زندگی کس حد تک بدل گئی ہے۔

بھارتی عوام نے سب سے زیادہ بنیادی صروریات کی چیزوں سے متعلق سرچ کیا۔ مثلاً میرے قریبی علاقوں میں راشن کی دکانیں کہاں کہاں ہیں؟ جانوروں کے ڈاکٹرز اور فارمیسی کہاں موجود ہیں اور گھر بیٹھے سبزیاں کس طرح منگائی جائیں؟

گوگل رپورٹ کے مطابق راشن کی دکانیں تلاش کرنے والوں کی شرح 300 فی صد تک تھی۔ اس کے علاوہ ہیڈ سیٹ، انشورنس سروسز، گدّوں اور فلموں کے بارے میں بھی گوگل پر بہت زیادہ سرچ کیا گیا۔

گھر بیٹھے مختلف ہنر سیکھنے سے متعلق معلومات کی تلاش میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ علاوہ ازیں گھر میں جم بنانے اور آن لائن تربیت سے جڑی معلومات بھی سرچ کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت کے بارے میں جاننے کے لیے بھی لوگوں نے گوگل کی مدد لی جب کہ وٹامن سی سے متعلق معلومات حاصل کرنے والوں میں بھی 500 فی صد تک اضافہ دیکھا گیا جب کہ 60 فی صد لوگوں نے آن لائن مشورہ دینے والے ڈاکٹرز کو تلاش کیا۔

بجلی، گیس اور پانی کے بلز اور میوچل فنڈز کی ادائیگی سے متعلق سرچ بھی سرفہرست رہے۔ ہر دو میں سے ایک صارف نے گھروں میں قائم اسکولوں کو تلاش کیا۔ فری ویڈیو ڈیٹنگ ایپس اور سافٹ وئیرز کو بھی لگن کے ساتھ ڈھونڈا گیا۔

جن لوگوں نے اسٹریمنگ پلیٹ فارم کو سرچ کیا ان کی شرح میں بھی 120 فی صد تک اضافہ نوٹ کیا گیا جب کہ ہر فرد نے ہر ہفتے اوسطاً کم از کم چار گھنٹوں تک ویڈیوز سرچ کیں اور انہیں دیکھا۔

XS
SM
MD
LG